اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان کی مالیاتی تاریخ میں روپے کی قدر دنیا کی دوسری کرنسیوں کے مقابلے میں جمعہ 30 نومبر 2018 کو ریکارڈ حد تک کم ہو گئی۔ پاکستان کی منی مارکیٹ میں ڈالر کا انٹر بینک ریٹ 138 روپے 94 پیسے، یورو کا ریٹ 157 روپے، برطانوی پونڈ 177 روپے اور بھارتی روپیہ بھی دو پاکستانی روپے کا ہو گیا۔ جاپانی ین ایک روپے بائیس پیسے، ملائیشین رنگٹ 33 روپے 28 پیسے، چینی یو آن 19 روپے 96 پیسے، اماراتی درہم 37 روپے 83 پیسے، کویتی دینار 457 روپے، فلپائنی پیسو دو روپے 55 پیسے، قطری ریال 38 روپے 17 پیسے، روسی روبل 2 روپے، سعودی ریال 37 روپے، تھائی باتھ 4 روپے 21 پیسے، ترک لیرا 26 روپے 51 پیسے تک پاکستانی کرنسی گر گئی ہے۔ ایک امریکی ڈالر پاکستان کے 139 روپے کے مقابلے بھارت کے 69 روپے 71 پیسے کا ہے فلپائن کے 52.45 کا ایک امریکی ڈالر ہے۔ ضیاء دور میں 9 پاکستانی روپے اور 9 فلپائنی پیسو ایک امریکی ڈالر کے برابر تھے۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ آج 139 پاکستانی روپے کے مقابلے میں 52 فلپائنی پیسو ایک امریکی ڈالر کے مساوی ہے اس طرح پاکستان سے زیادہ فلپائن کی کرنسی مضبوط ہے۔