ویسے تو ہر موسم میں آپ کی جِلد توجہ چاہتی ہے لیکن سردیوں میں اسے خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ گرم موسم میں جہاں ڈی ہائیڈریشن اور جِلد پر ایکنی جیسےمسائل جنم لیتے ہیں، وہیں سرد موسم میںجِلد کو خشکی، روکھا پن اور اس کا پھٹ جانا جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ خاص طور پر کالج لائف ایک ایسا دور ہوتا ہے، جہاں ایک طرف تعلیم اور کیریئر کی فکر ستاتی ہےتو دوسری طرف جِلد میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث اسکن کیئر روٹین پر عمل کرنا ایک اہم ذمہ داری معلوم ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر بدلتا موسم صنف نازک سے ایک نئی اسکن کیئر روٹین اپنانے کا متقاضی ہوتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ سردیوں میں اسکن کیئر روٹین میں کون سی تبدیلی لائی جائے، جس کی بدولت جِلد کی تروتازگی اور شفافیت برقرار رہے۔
بیوٹی پراڈکٹس کاعقلمندانہ انتخاب
موسم گرما کے لیے جن بیوٹی پراڈکٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے، موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی انہیں اُٹھاکر رکھ دینے کا وقت آن پہنچتا ہے۔ بصورت دیگر یہ بیوٹی پراڈکٹس آپ کی جِلد کے لیے مسائل پیدا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ چنانچہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ بیوٹی پراڈکٹس کی تبدیلی بھی ضروری ہے۔
٭موسم سرما کے لیے ایسے موئسچرائزر کا انتخاب کریں، جو ہیومکٹینٹس (Humectants) رکھتا ہو، تاکہ جِلد کے اندر تک نمی پہنچ سکے۔
٭ایسے کلینزر کا انتخاب کریں، جو موئسچرائزر کی بھی خصوصیات کا حامل ہو۔ ساتھ ہی کلینزنگ کرتے وقت چہرے کو کھرچنےسے گریز کریں۔
٭ایسے بیوٹی پراڈکٹس خریدیں، جن میں ہایالورونک ایسڈ، سیرامائیڈز، ہائیڈریشن سیرم اور گلیسرین شامل ہوں۔
٭ایسےپراڈکٹس استعمال کرنے سے گریز کریں، جن میں الکوحل موجود ہو یا پھر وہ اجزا شامل ہوں جو جِلد کو خشک کرنے کا سبب بنیں۔ ٭صابن کا استعمال کم کردیں کیونکہ اس سے جِلد کی قدرتی نمی میں کمی آتی ہے۔
نیم گرم پانی
ہم جانتے ہیں کہ سرد موسم میں غسل کرنے کے لیے ہر ایک کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ تیز گرم پانی کا استعمال کیا جائے۔ لیکن اگر آپ کو اپنی جِلد سے محبت ہے تو تیز گرم پانی سے غسل یا چہرہ دھونے کے بجائے نیم گرم پانی کا استعمال کریں اور غسل کا دورانیہ 10منٹ سے زیادہ نہ ہو۔ زیادہ گرم پانی جِلد کے لیے نقصان دہ ہے، جو قدرتی چکنائی کو ختم کردیتا ہے۔ گرم پانی جِلدپر خشکی لانے کا سبب بن جاتا ہے اور اگر نہانے کے فورا ًبعد جِلد کو موئسچرائز نہ کیا جائے تو ایگزیمااور جھریوں جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اسی لیے غسل یا چہرہ دھونے کے فوری بعد ایسا موئسچرائزر استعمال کریں، جس میں hyaluronic acid شامل ہو۔ یہ آپ کی جِلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا اور پھٹنے یا خشک ہوجانے جیسے مسائل سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
جِلد کی حفاظت
اگر آپ ورکنگ ویمن ہیں تو سرد موسم میں بھی جِلد کی دیکھ بھال بے حد ضروری ہے۔ آنکھوں کی حفاظت کے لیے سن گلاسز کا انتخاب کریں، ہاتھوں میں دستانے اور سر پر کیپ لازمی پہنیں۔ اس کے علاوہ ایسے سن اسکرین کا انتخاب کریں، جس میںٹائٹینیم ڈائی آکسائیڈ اور زنک آکسائیڈکی خصوصیات موجود ہوں۔ عام طور پر خواتین سرد موسم میں سن اسکرین کاا ستعمال ترک کردیتی ہیںلیکن اس بات کا لازمی خیال رکھیںکہ گرم موسم کے علاوہ سرد موسم میں بھی جِلد کی حفاظت کے لیے الٹراوائلٹ پروٹیکشن کو برقرار رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے۔ اس لیے روزانہ کم ازکم ایک اونس سن اسکرین جسم کے تمام حصوں پر لازمی لگائیں۔
زائد ایکسفولی ایشن سے گریز
سرد موسم میں فیس اسکربنگ اور حد سے زیادہ ایکسفولی ایشن سے بھی گریز کریں۔ ہفتے میں صرف ایک بار ایکسفولی ایشن کا عمل دہرائیں اور اسکرب ایکس فولی ایٹر کے بجائے کیمیکل ایکسفولی ایٹر کا استعمال کریں، جس میںالفا بیٹا ہائیڈراکسی ایسڈ کی خصوصیات موجود ہوں۔
ہاتھوں اور پیروں کی حفاظت
جن لوگوں کی جِلدنازک ہوتی ہے، سردی کے موسم میں ان کے ہاتھوں اور پیروں کی جِلد بہت زیادہ اترنے لگتی ہے اور ایڑیوں کے پھٹنے جیسے مسائل درپیش آتے ہیں۔ اس کیلئے ایک گلاس عرق گلاب میں دو بڑے چمچ گلیسرین اور ایک بڑے لیموں کا رس ملا کر کسی بوتل میں محفوظ کرلیں، پھر رات کو سوتے وقت اس سے مساج کریں اور صبح دھوکر کوئی اچھا سا لوشن لگائیں۔ اس کے علاوہ پانی کاکام کم کریں یا پھر دستانے استعمال کریں۔