کراچی (نیوز ڈیسک) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ بسا اوقات یوٹرن لے لینا درست ہوتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ سیاسی رہنمائوں کی جانب سے اپنی سابقہ پالیسیوں سے یوٹرن لے لینا درست ہے کیوں کہ کبھی کبھار ایماندار افراد بھی غلطیاں کرلیتے ہیں، مہاتیر محمد کی حکومت کو اپنی حکومتی پالیسیز میں کئی یوٹرن لینا پڑے ہیں جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کبھی کبھار لوگ غلطی کرجاتے ہیں اور جب اس کا اداراک ہوجائے تو پھر عقلمندی اسی میں ہے کہ اس سے پیچھے ہٹ جایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بسا اوقات ہم غلط سمت میں چلے جاتے ہیں، ضرورت پڑنے پر ہم واپس پلٹتے ہیں، ہم مکمل لوگ نہیں ہیں۔ صدارتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اگر چہ ہم میں سے بیشتر لوگ ایماندار ہیں لیکن ان سے بھی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔