کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مبینہ طور پر لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا، جس میں بلوچستان نیشنل پارٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ، دھرنے کے شرکاء سے مختلف اضلاع سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والوں کے اہلخانہ نے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور حکومتی ذمہ داران باپردہ بلوچ خواتین کی آوازتک نہیں سن رہے،انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے ملکی قانون سے مبرا نہیں اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کی سیاسی جماعتیں اور انسانی حقوق کی تنظیموںاور تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد ہماری جدو جہد میںساتھ دیں ۔