• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’بندوق کی گولیاں مجاہدین آزادی کو کچل نہیں سکتیں‘‘

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بندوق کی گولیاں غیر مسلح مجاہدین آزادی کو کبھی کچل نہیں سکتیں، بھارتی فوج کو پیشہ ورانہ اخلاقیات کا احترام کرنا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیر کی وادی پر قابض بھارتی افواج کی معصوم کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا ہے کہ بھارتی فورسز کا کنٹرول لائن کے پار شہری آبادی کو نشانہ بنانا غیر اخلاقی اور قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی مقبوضہ وادی میں جارحیت بڑھتی جارہی ہے، گزشتہ روز 11معصوم کشمیریوں کو مظاہرے کے دوران بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔

مقبوضہ کشمیرمیں 11کشمیریوں کی شہادت پر آج تیسرے روز بھی شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے جبکہ آج احتجاجی مارچ بھی نکالا گیا تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی ہیڈ کوارٹرزکی جانب حریت کانفرنس کے احتجاجی مارچ کے دوران قابض انتظامیہ نے شیلنگ کر دی، جبکہ حریت رہنما یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پوری پاکستانی قوم سراپا احتجاج بن گئی، پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی ، جس میں عالمی برادری سے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ادھر مظفرآباد میں بھی بھارتی قابض فوج کے تشدد کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں طلبہ وطالبات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزیرخزانہ اسدعمر کہتے ہیں کہ وقت آگیاہےکہ بھارت کشمیریوں سےحق خودارادیت دینےکاعالمی وعدہ پوراکرے۔

تازہ ترین