کوئٹہ(نسیم حمید یوسفزئی اسٹاف رپورٹر) ایم ایس سول ہسپتال نے اسلحے کے بغیر فرائض انجام دینے والے سیکورٹی اہلکاروں کو اپنی کمپنی کورپورٹ کرنیکی ہدایت کر دی۔ ذرائع نے بتایا کہ 74کے قریب سیکورٹی اہلکار سول ہسپتال کوئٹہ میں تعینات تھے جنہیں تنخواہوں کی ادائیگی محکمہ صحت کی جانب سے جاری تھی جبکہ اسلحہ کمپنی نے فراہم کرنا تھا لیکن تین سال تک کمپنی ان اہلکاروں کو اسلحہ فراہم نہیں کر سکی جس پر گزشتہ روز ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر سلیم ابڑو نے ان اہلکاروں کو فارغ کرتے ہوئے واپس ان کی کمپنی کو رپورٹ کرنیکی ہدایت کردی ایم ایس کا کہنا تھاکہ بغیر اسلحے کے فرائض انجام دینے سے کسی بھی نا خوشگوار حادثے کی صورت میں یہ اہلکار کس طرح مقابلہ کر سکتے ہیں؟ انہو ں نے کہا کہ کمپنی کو اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے سول اسپتال کوئٹہ صوبائی دارالحکومت کے وسط میں واقع ہے جہاں فول پروف و قابل اطمینان سیکورٹی انتظامات انتہائی ضروری ہیں ماضی میں اتنی بھاری لاگت سے بغیر اسلحہ سیکورٹی اہلکار کس طرح تعینات کئے گئے اور ان کا کیا فائدہ رہا یہ ایک سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے بتایا اس اقدام میں ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور تنخواہوں کی مد میں سول اسپتال کوئٹہ کی ضائع ہونے والی رقم کی وصولی کے لئے محکمہ صحت بلوچستان کو لکھ دیا گیا ہے ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو نے کہا کہ سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں جن کا ضیاع قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔