• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، رینجرز کو پارکوں میں قائم چیک پوسٹیں متبادل جگہ منتقل کرنیکا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد نے رینجرز کو ضیاءالدین روڈ سمیت شہر کے پارکوں میں قائم چیک پوسٹیں متبادل جگہ پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جسٹس گزار احمد نے واٹر بورڈ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ لوگوں کو لائنوں کی بجائے ٹینکرز سے پانی کیوں مل رہا ہے۔ بتایا جائے لوگوں کو بلا امتیاز پانی کی فراہمی کے لیے کیا اقدامات کئے گئے؟ شہر میں پانی اور گٹر کی لائنیں مکس ہو رہی ہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے واٹر بورڈ کو حکم دیا ہے کہ واٹر بورڈ پانی اور گٹر لائنوں کو الگ الگ کرنے کے لیے موثر انتظامات کرے۔ اجلاس میں جسٹس گلزار احمد نے ریلوے حکام سے ریلوے اراضی پر تجاوزات سے متعلق بریفنگ طلب کرلی۔ پیر کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کلین اپ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ ، آئی جی سندھ کلیم امام، میونسپل کمشنر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، ڈی جی ایس بی سے اے افتخار قائم خانی، ایم ڈی واٹر بورڈ خالد شیخ سمیت کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندے، رینجرز و پولیس کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے پیشرفت رپورٹ جمع کرادی۔تجاوزات کیخلاف آپر یشن کی تصاویر بھی اجلاس میں جمع کرائی گئیں۔ غیر قانو نی شادی ہال، پتھاروں، غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے سے متعلق کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ نے شہر کے 35 مقامات پر کارروائیوں کی رپورٹ جمع کرادی۔اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے پر قائم تجاوزارت کے حوالے سے جسٹس گلزار نے کہا کہ بتایا جائے ریلوے اراضی پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کہاں تک پہنچا۔ ریلوے حکام نے بریفنگ میں کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے تجاوزارت کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ اگر کہیں کوئی مسئلہ ہے تو عدالت سے رہنمائی لی جائے ۔ ریلوے انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ ریلوے اراضی پر قبضے سے متعلق بلا امتیاز کارروائی کریں گے۔

تازہ ترین