• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت غوث اعظمؒ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں،علامہ حامد سعید کاظمی

ہڈرز فیلڈ ( نمائندہ جنگ ) حضرت غوث اعظمؒ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں۔ عصر حاضر میں ان کی نورانی تعلیمات ماضی کی نسبت زیادہ اہم ہوگئی ہیں کیونکہ مادیت بھی ماضی کی نسبت کہیں زیادہ قوت کے ساتھ انسانیت اور اخلاقی اقدار کے ساتھ نبرد آزما ہے۔ ایسے حالات میں نا آشنا دلوں سے خود غرضی، لالچ اور مال کی محبت کو نکال کر محبت، ایثار اور سکون سے ہمکنار وہی لوگ کرسکتے ہیں جن کے دل و دماغ قرآن و حدیث کی روح سے آشنا ہوں۔ آج بھی اگر مسلم امہ غوث الاعظم ؒ کی ان حیات آفرین تعلیمات کو اپنالے جو قرآن و حدیث کے صحیح فہم پر مبنی ہیں تو عالم اسلام اپنی تمام محرومیوں سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سابق وفاقی وزیر پیر سید حامد سعید کاظمی نےجامع مسجد غوثیہ ہڈرز فیلڈ میں قطب ربانی سیدنا الشیخ عبدالقادر جیلانی ؒکی یاد میں سالانہ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب مذہبی سکالر شیخ عمر حیات قادری کی زیر نگرانی منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عمر حیات قادری نے کہا حضرت غوث اعظم ؒ ایسی ہی حیات آفرین شخصیتوں میں سے ایک ہیں۔ جن کی زندگی کی کتاب زیست کا ایک ایک ورق خزاں رسیدہ چمن کے لئے باد بہاری کا ایک خوشگوار جھونکا ہے۔ آپ کی تعلیمات نے عالم اسلام کے مرکز بغداد میں ٹوٹ پھوٹ کے شکار معاشرے کو حیات نو کا مژدہ سنا کر مسلم امہ کے نحیف و ناتواں بدن میں نئی روح پھونک دی ہے، آپ نے اسلامی معاشرہ میں پیدا ہونے والے بگاڑ کا خاتمہ کیا اور ملت اسلامیہ کی مٹتی ہوئی اقدار کو زندہ کرتے ہوئے دین و ملت کا احیاء فرمایا۔ اسی وجہ سے آپ ’’محی الدین‘‘ کے لقب سے موسوم ہوئے۔ آج بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ برطانیہ میں والدین نوجوان نسل کو غیر معاشرتی سرگرمیوں سے بچانے کے لیے دینی مراکز سے ان کے رشتوں کو مضبوط کریں خدا کی واحدانیت کا پرچار کرتے ہوے سنت اور شریعت کے تحت اپنی زندگیوں کو استوار کریں۔ معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر اطہر حسین الازہری نے اپنے انگلش خطاب میں کہا کہ ‎انسان عقل ،جسم اور روح کا مجموعہ ہے۔ ان میں دل کو ایک خاص فضیلت حاصل ہے ‎،صوفیاء کرام نے اپنے طریقہ اور عمل کے ذریعے دلوں کے علاج کے ساتھ تزکیہ نفس انسانی قلوب کو اپنے پروردگارسے تعلق پیدا کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے آج بھی اپنے دلوں سے نفرت کی بالیدگیوں کو دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اللہ والوں کی صحبت اختیار کی جائے۔ مولانا محمد بشیر نقشبندی نے کہاکہ اولیاء کاملین نے ہمیشہ سنت اور شریعت کو مقدم رکھتے ہوئے دین اسلام کی تبلیغ کی ہے اور احترام انسانیت کا درس دیا ہے۔ تقریب سے حافظ احمد رضا حماد رضا نورانی علامہ محمد یسین علامہ ظہیر اقبال قادری اور دیگر خطباء نے حضرت غوث اعظمؒ کی زندگی کے روشن پہلووں کو اجاگر کیا۔ تقریب میں تنزانیہ کے معروف قاری شیخ عبداللہ عبداللہ نے خوبصورت انداز تلاوت جبکہ پاکستان کے نامور نعت خوان خالد حسین خالد نے نعت اور منقبت کی صورت میں خوبصورت کلام پیش کر کے تقریب کو مزید روح پرور بنا دیا آخر میں امت مسلمہ اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تازہ ترین