• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیفنس، متحدہ کے سابق رہنما علی رضا عابدی ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کی فائرنگ سے سابق رکن قومی اسمبلی اور متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما سید علی رضا عابدی جاں بحق ہوگئے‘ ملزمان نےانھیں اس وقت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جب وہ گاڑی سے اترکر گھرمیں داخل ہورہے تھے ‘والد انہیں زخمی حالت میں پی این ایس شفا اسپتا ل لیکر پہنچے، تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گئے‘جناح اسپتال میں کئے گئے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق سید علی رضا عابدی کو سینے اور گردن میں تین گولیاں لگیں ‘پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اپنی تحویل میں لے لیے ‘پولیس کا کہناہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے‘آئی جی سندھ سید کلیم امام نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ تفصیلات کےمطابق گذری تھانے کی حدودو ڈیفنس خیابان غازی فیز فائیو اسٹریٹ نمبر BII میں واقع بنگلے کے باہرعلی رضا عابدی اپنی کار سے اتر کر جیسے ہی گھر کی جانے لگے اس دوران نامعلوم ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجےمیں علی رضا عابدی شدید زخمی ہوگئے ۔ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد2 تھی تاہم اس حوالے سے تمام پہلوں سےتفتیش کی جائےگی‘ انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے لگ بھگ6فائر کیے ،تاہم پولیس کو جائے وقوعہ سےمختلف اسلحےکے 3خول ملے ہیں ،باقی دیگر خولوں کی بھی تلاش جاری ہے ۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے‘شبہ ہےکہ دہشتگردوں نے ایک سے زیادہ اسلحہ استعمال کیا اور اور اس میں کیچر لگاہوا ہے تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا،ڈی آئی جی کاکہنا تھے کہ اطراف میں نصب کیمر و ں کی فوٹیج سے بھی مدد لی جارہی ہے اور کچھ بنگلوں میں بھی کیمرے نصب ہیں، ان کی ریکارڈنگ بھی حاصل کی جارہی ہے اور جلد ہی اس کیس کی صورتحال واضح ہوجا ئے گی‘ ایس ایس پی سائوتھ کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد پولیس کو کچھ اہم چیزیں ملی ہیں تاہم ابھی میڈیا کے سامنے شیئرنہیں کیا جاسکتا ہے اور ملنے والے خول کی فرانزک بھی کرائی جارہی ہے جس کے بعد مزید صورتحال واضح ہوگی ۔ دریں اثناء کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے سیکریٹری داخلہ سندھ سے ملاقات کی اور جناح اسپتال کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر کراچی نے کہاکہ حکومت نے ایم کیوایم اور پی ایس پی کے دفاتر اورمنتخب اراکین ورہنماؤں کی سکیورٹی بڑھادی ہے ۔ادھر میئرکراچی وسیم اختر نے علی رضاعابدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ملک دشمن عناصر کی کارروائی ہے۔ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سر براہ ڈاکٹر فاروق ستار نے آج پر امن یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور عوام اور تاجر براداری سے یوم سوگ منانے کی اپیل کی ہے۔ ادھرپاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے ڈاکٹر فاروق ستار سے فون پر رابطہ کیا اور علی رضا عابدی کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا،اور کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کی قیادت اور کارکنان آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔مزیدبرآں آئی جی سندھ نے ڈیفنس میں قتل کے واقعہ کے تناظر میں سندھ پولیس کو آئندہ احکاما ت تک ریڈ الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں، صوبے اور باالخصوص شہروں کے داخلی خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے، پیٹرولنگ اسنیپ چیکنگ ریکی نگرانی اور خفیہ معلومات کی کلیشن اور شیئرنگ کے عمل کو انتہائی مربوط اور موثر بنایا جائے۔

تازہ ترین