بلوچستان کےمختلف علاقےشدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، زیارت میں آج اب تک رواں موسم سرما کا سرد ترین دن ہے، جہاں درجہ حرارت منفی گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق صوبے کے شمال میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، آج وادی زیارت صوبے کا سرد ترین مقام رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
زیارت میں شدید سردی کےباعث اسٹوریج ڈیم کا پانی جم گیا، قلات میں آج کم سےکم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اعشاریہ ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
وادی میں صبح سے سرد ہوائیں چل رہی ہیں، گھروں اور باہر نکلنے والے شہری سردی کی شدت سے بچنے کے لئے مختلف ذرائع کا استعمال کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ژوب اور دالبندین میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
پنجگوراورخضدار میں بھی شدید سردی کی لہر موجود ہے جہاں کا درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ادھر صوبے کے گرم ترین علاقے سبی میں بھی شدید سردی ہے اور درجہ حرارت 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔