وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ ائیرپورٹ سے نئی ائیر لائن چلانے کی منظوری دے دی، ائیر لائن سیالکوٹ کی تاجر برادری کے تعاون سے شروع کی جائے گی۔
عمران خان سے نجی ایئرلائن کے چیئرمین فضل جیلانی اور معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات کی ، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن میاں محمد سومرو بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ تاجر برداری نے ائیر لائن سروس کے آغاز کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ سرمایہ کاری کا اہم مرکز بن رہا ہے اور ہم اسے مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کیلئے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہے، جبکہ ایئر لائن کے آغاز سے خطے میں روزگار اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی، ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجر برادری تجاویز پیش کرے حکومت سنجیدگی سے غور کرے گی۔
اس موقع پر نئی نجی ایئر لائن کے چیئرمین فضل جیلانی نے بتایا کہ یہ ایئر لائن آئندہ برس آپریشنل ہو جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سرپرستی دینے پر وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن میاں محمد سومرو نے کہا کہ نئی ایئر لائن کا فضائی آپریشن ایوی ایشن کے لئے خوش آئند ہے۔