اسلام آباد( جنگ نیوز)بھارت میں منعقد ہونے والے 14ویں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد سابق کھلاڑی بھی قومی کھیل کی زبوں حالی پر پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ ہاکی میں بہتری لانے کی غرض سے قومی ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اولمپئن شہناز شیخ نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔شہناز شیخ نے خط میں وزیراعظم عمران خان کو تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور سرپرست ہاکی فیڈریشن کھیل کی بہتری کے لئے اقدامات کریں، اگر ہاکی کو بچانا ہے تو ’رائٹ مین فار دا رائیٹ جاب‘ کی پالیسی اپنائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برس میں پاکستان ہاکی کی کارکردگی انتہائی نچلی سطح پر رہی ہے۔تابناک ماضی کا حامل پاکستان آج ورلڈ ہاکی میں 13ویں نمبر پر ہے۔ حالیہ ورلڈکپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی بدترین پرفارمنس سب کے سامنے ہے۔شہناز شیخ نے کہا ہے کہ اولمپک 2020 کے لیے پاکستانی ٹیم نے ابھی تک کوالیفائی نہیں کیا۔ وزیراعظم پاکستان ہاکی لیجنڈ ز کو بلا کر ہاکی کی بہتری کے لئے تجاویز لیں۔