سکھر (بیورو رپورٹ) سادگی اختیار کرنے کے نعرے لگانے والے خود بھی پروٹوکول کے اسیر نکلے، گورنر سندھ کراچی سے تو پی آئی اے کی معمول کی پرواز میں سکھر ایئر پورٹ پہنچے یہاں تک تو ان کی سادگی نظر آئی تاہم ایئرپورٹ سے 21 گاڑیوں جن میں متعدد لگژری و قیمتیں گاڑیاں تھیں کے پروٹوکول میں وہ سرکٹ ہاؤس روانہ ہوئے۔ تحریک انصاف کے رہنما اقتدار میں آنے سے قبل وی آئی پی کلچر کے سخت مخالف تھے اور واضح طور پر یہ بیانات دیتے رہے کہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے، لیکن اب تک پی ٹی آئی کے رہنما خود اس پر عمل درآمد نہیں کرسکے جس کی واضح مثال سکھر میں گورنر سندھ کی آمد کے موقع پر انہیں ملنے والا وی آئی پی پروٹوکول تھا۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل 2روزہ دورے پر سکھر پہنچے ہیں، جہاں سے وہ گھوٹکی کے علاقے خانگڑھ روانہ ہوئے، خانگڑھ میں وہ سردار علی گوہر خان مہر کے ظہرانے میں شرکت کرینگے۔