• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اصغرخان کیس، ایف آئی اے نے تو کہہ دیا کوئی کیس ہی نہیں بنتا، چیف جسٹس

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )عدالت عظمیٰ نے بے نظیر بھٹو کا راستہ روکنے کے لئے اسلامی جمہوری اتحاد کے قیام کے لئے میاں نواز شریف سمیت مختلف سیاستدانوں میں رقوم بانٹنے کے حوالے سے مشہور ʼʼ اصغر خان کیسʼʼ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار ائیر مارشل اصغر خان مرحوم کے ورثا ء کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزیدسماعت ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دی ہے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے سوموار کے روز کیس کی سماعت کی تو ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن پیش ہوئے اور اس حوالے سے پیش رفت رپورٹ پیش کی جس پر عدالت نے انہیں رپورٹ کا آخری حصہ پڑھنے کی ہدایت کی تو ان کے وکیل نے تفتیش کے نتائج کا حصہ پڑھا،جس کے مطابق ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہمارے پاس اتنے شواہد نہیں ہیں کہ کیس پر فوجداری کارروائی کی جاسکے، جن سیاستدانوں پر الزام تھا انہوں نے رقوم کی وصولی سے انکار کیا ہے جبکہ کیس کے اہم گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے اور یہ ایک دوسرے سے مماثلت نہیں رکھتے ہیں ، یہ معاملہ 25 سال سے زیادہ پرانا ہے جبکہ متعلقہ بینکوں سے پیسے اکائونٹس میں جمع ہونے کا مکمل ریکارڈ بھی نہیں ملا ہے ، اس لئے اس کیس کی فائل بند کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایف آئی اے نے تو بالکل کہہ دیا ہے کہ کوئی کیس ہی نہیں بنتا ہے،جس پرڈی جی نے کہا کہ ہم نے تحقیقات کی بہت کوشش کی ہے مگر صرف اخباری بیانات تھے اور اب کوئی ثبوت نہیں ہے جس کی بنیاد پر فوجداری کارروائی شروع کی جا سکے۔
تازہ ترین