• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وراسٹائل اداکار نانا پاٹیکر68برس کے ہوگئے


بالی ووڈ کے وراسٹائل اداکار نانا پاٹیکرآج اپنی 68ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

یکم جنوری 1951کوبھارتی ریاست مہاراشٹرا کے گاؤں مرود جنجیرا میں پیدا ہونے والے ناناپاٹیکر نے اپنے فلمی کیریئر کا آغار1978ء میں فلم گمنام سے کیا۔

بالی ووڈ میں نانا پاٹیکر کو ایک ایسے آرٹسٹ کے طور پر جانا جاتا ہے جنہوں نے ہیرو، معاون اداکار ، ولن اور کریکٹر آرٹسٹ کےکردار سے شائقین کو اپنا دیوانہ بنایا ۔

انہوںنے ہر طرح کے کردار کو اپنی اداکاری سے شہرت بخشی بھلے ہی وہ کردار ولن کا ہو، کامیڈین، معذور، نفسیاتی مریض، محب وطن پولیس افسر کایا پھرٹیکسی ڈرائیور کا ، ناناہر رنگ میں سب سے منفرد ہیں اور کسی بھی طرح کے کردار کے لیے نہایت موضوع رہتے ہیں۔

1987ء میں فلم مہرے اور 1988ء میں فلم سلام بمبئی کے بعد 1989ء میں فلم پرندہ میں ولن کے کردار نے انہیں بالی وڈ انڈسٹری میں نمایا ں مقام دلواتے ہوئے انہیں بہترین معاون اداکار کے نیشنل فلم ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا۔

نانا پاٹیکر نے اس کے بعدکرانتی ویر،اگنی ساکشی،انگار،خاموشی؛دی میوزیکل،وجود،غلامِ مصطفی،اب تک چھپّن/اب تک چھپن ٹو،پاٹ شالہ،اپھارن،ٹیکسی نمبر9211،ویلکم اور راج نیتی جیسی کامیاب فلموں سمیت لاتعداد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

نانا کے بارے میں یہ تصور عام تھا کہ وہ صرف سنجیدہ اداکاری کرتے ہیں مگر سال 2007 میں ان کی فلم ’’ ویلکم‘‘ آئی جس میں اُنہوں نے ’’اُدے شیٹی‘‘ جیسا مزاحیہ کردار ادا کر کے ثابت کردیا کہ رول کوئی بھی ہو وہ اسے بخوبی انجام دینا جانتے ہیں۔

اس فلم کی کامیا بی کے بعد اس کا پارٹ ٹو ’’ ویلکم بیک ‘‘بھی نشر کیا گیا۔

نانا پاٹیکر اُن اداکاروں میں سے ایک ہیں جو فلم کی تعداد کے بجائے فلم کے معیار کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں ۔

مکالموں کی بے ساختہ ادائیگی کے حوالے سے اپنی شناخت رکھنے والے نانا پاٹیکر نے کئی بار بہترین اداکار کے نیشنل فلم ایوارڈ، فلم فیئر اور اسٹار اسکرین سمیت کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔

واضح رہے کہ نانا پاٹیکر اداکارہ تنوشری دتہ کو جنسی طور ہراساں کئے جانے کے الزامات کی زد میں بھی رہے ۔

تازہ ترین