• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشین اور پنجگور میں دھماکے، نائب تحصیلدار سمیت سات افراد زخمی

پشین/پنجگور(نمائندگان جنگ) پشین اور پنجگور میں ہونے والے بم دھماکوں میں ایک نائب تحصیلدار اورفورسز کے دو اہلکاروں سمیت گیارہ افراد زخمی ہو گئے، دونوں دھماکوں میں موٹر سائیکلیں استعمال کی گئیں دھماکے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ، پشین دھماکے میں 8 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پشین بازار میں لیویز لائن جان اڈہ کے قریب موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے نائب تحصیلدار بوستان عبدالمالک ترین ان کا ڈرائیور حبیب اللہ محمد اسحاق محمود خان عبداللہ خان محمد دلبر خان محمد اکمل نثار احمد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال پشین میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ بم موٹر سائیکل کی سیٹ کے نیچے نصب تھا۔ نائب تحصیلدار کی گاڑی گزرتے ہی دھماکہ کر دیا گیا۔بم دھماکے میں سات سے آٹھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے سے گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ قریبی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر دھماکے کی جگہ کو سیل کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین اورنگ زیب بادینی نے بات چیت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی کارستانی قرار دیا اور کہا کہ مجرموں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ درایں اثناء پنجگور سے نامہ نگار کے مطابق فورسز کیمپ کے قریب موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ فورسز کی گاڑی کو نقصان بھی پہنچا زخمیوں میں رضوان اللہ‘ ذاکر اللہ دکاندار عبدالوحید اور عابد شامل ہیں جنہیں فوری طورپر ایف سی ہسپتال منتقل کردیاگیا دھماکے سے فورسز کی گاڑی کوبھی نقصان پہنچا دھماکے کی آوازدوردورتک سنی گئی واقعہ کے بعد بازار کی تمام دکانیں بند ہوگئیں ۔
تازہ ترین