چترال میں مارخور کا غیرقانونی شکار کرنے والے شکاری کو پولیس نے گرفتار کرلیا، مارخور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق گزشتہ روز شغور کے مقام پر ایک شکاری نے چوری چھپے مارخور کو گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔
اطلاع ملنے پر مقامی وائلڈ لائف واچرز نے شکاری کا پیچھا کیا لیکن وہ مارخور کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
مارخور کو علاج کیلئے لایا جارہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ ہوگیا۔
پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے شکاری اسلم بیگ کو گرفتار کرلیا ہے۔
مارخور کی قیمت عالمی مارکیٹ میں ایک کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
مارخور کے شکار پر مکمل پابندی ہے، غیر ملکی سیاحوں کو مارخور کے شکار کیلئے لائسنس جاری کیا جاتا ہے جس کی آمدنی کا 80 فیصد مقامی کمیونٹی میں تقسیم کیا جاتا ہے اور 20 فیصد رقم حکومت کو ملتی ہے۔