• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ کو تحریری حکم کا انتظار، بلاول ،مراد علی شاہ سمیت20نام ECLسے نکالنے کی سفارش مسترد،فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست بھی دائر کرسکتے ہیں،وفاقی کا بینہ

اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ای سی ایل جائزہ کمیٹی کی جانب سے بلاول بھٹو ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت 20؍ افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش مسترد کر دی ہے ۔ کابینہ کو سپریم کورٹ کے تحریری حکم کا انتظار ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ای سی ایل سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول نہیں ہوا ، تمام نام ای سی ایل پر فی الحال مو جود رہیں گےاور سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کی بھی درخواست دائر کرسکتے ہیں ۔ کابینہ نے اس معاملے پر 3رکنی نظرثانی کمیٹی قائم کردی ہے جس کی سفارشات ملنے اور سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ ملنے کے بعد معاملے پر دوبارہ غور ہوگا ۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے ایل پی جی نرخ بڑھنے کا نوٹس لیا اور اووسیز پاکستانیز کو نوکریوںکیلئے نیگیٹولسٹ دینے اور جامع گیس پالیسی بنانے کی ہدایت بھی کیں۔ علاوہ ازیں کابینہ نے ائیرمارشل ارشد محمود کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ، ایئرایڈمرل اطہر کو ایم ڈی کراچی شپ یارڈ اور صالح فاروقی کو سیکرٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ مقررکردیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے وزارت داخلہ کی ان میں سے 20؍ افراد کے نام اس فہرست سے نکانے کی سفارش مسترد کر دی ہے، ای سی ایل سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول نہیں ہوا۔ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ ملنے کے بعد اس ایشو پر دو بارہ غور کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی بھی درخواست دائر کرنے پر بھی غور کریں گے، سندھ کے عوام کا پیسہ ان پرخرچ ہونے کے بجائے بیرون ملک منتقل کیاگیا لیکن اب وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی پرتوجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، یو اے ای کے ساتھ ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے کامعاہدہ ہو گیا ہے، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا۔اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی و ترقیات مخدوم خسرو بختیار ، سیکرٹری شماریات شائستہ سہیل اور پی آئی او میاں جہانگیر اقبال بھی ان کے ہمراہ مو جود تھے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ جے آئی ٹی کی سفارش پر 172 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کئے گئے تھے ۔ اس فہرست میں سندھ حکومت سے وابستہ اہم شخصیات کے نام ہیں ۔ ان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرادری ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور آصف زرداری کی بہن فر یال تالپور شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کئی ارکان منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی کردار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں وزیر قانون فروغ نسیم ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یا ر آ فریدی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر شامل ہوں گے ۔ یہ کمیٹی 172 ناموں کی فہرست پرر یویو (نظر ثانی ) کرے گی اور اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزارت قانون کو ہدایت کی ہے کہ وہ 48؍ گھنٹوں میں رپورٹ دے کہ دہری شہریت والے اوورسیز پا کستانی کن کن ملاز متوں کے اہل ہیں اور کونسی ملازمت نہیں کرسکتے ۔ وزارت قانون سے کہا گیا ہے کہ د ہری شہریت والوں کیلئے منفی فہرست تیار کرے تاکہ با قی پوسٹوں پر باصلاحیت اوورسیز پا کستانیوں کی صلاحیت سے فائدہ اٹھا یا جا سکے۔حکومت انہیں ملاز مت کے وسیع مواقع دے گی ۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ وزارت پیٹرولیم کو گیس سے متعلق جامع پالیسی فوری بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے جب وزارت پیٹرولیم سنبھالی تو ایک روپہ بھی قرضہ نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی خود کو گیس کا آئن اسٹائن ہی سمجھتے ہیں لیکن انہوں نےگیس سیکٹر 15؍ ارب روپے کا مقروض کر کے چھوڑا۔ انہوں نے بتا یا کہ ائر مارشل ارشد ملک کو قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے تعینات کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ کو ڈی جی کااضافی چارج دیا گیا ہے ۔ پا کستان ٹو بیکو بورڈ کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔ انجم اسد امین کو ممبر نیشنل ٹیرف کمیشن تعینات کیا گیا ہے ۔ عائشہ عزیز کو پا ک برو نائی انوسٹمنٹ کمپنی کا ایم ڈی مقرر کیا گیا ہے۔ صالح محمد فاروقی کو سیکر ٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے انہیں کراچی ڈویلپمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کا بھی چارج د یا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لے لیا ہے، موجودہ حکومت کے دورمیں صرف اعشاریہ چار فیصدمہنگائی بڑھی ہے۔

تازہ ترین