• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقیقت یہ ہے کہ جن لوگوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سونے کاچمچہ لے کر پیدا ہوئے ہیں، انھیں بھی زندگی میں کچھ نہ کچھ محنت ضرور کرنا پڑتی ہے کیونکہ ورنہ یہ کہاوت بھی آپ نے سُن رکھی ہوگی کہ بیٹھ کر کھانے سے قارون کے خزانے بھی خالی ہوجاتے ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ زندگی میں ایک خاص مقام اور مقصد حاصل کرنے کے لیے کچھ لوگوں کو کم اور کچھ کوزیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔اس مقام اور مقصد کو حاصل کرنے کے لیے زندگی کے راستے میں ہر شخص کو طرح طرح کی مشکلات اورمسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سفر میں منزل پر صرف وہی پہنچتا ہے جو خندہ پیشانی، عزم، جذبے اور غیرمتزلزل لگن کے ساتھ اپنی منزل پر نظر رکھتا ہے۔ انگریزی میں ایک کہاوت ہے کہ Fortune favors the bold، یعنی جو شخص مشکلات کے آگے چٹان بن کر کھڑا رہتا ہے، قسمت بھی اسی کا ساتھ دیتی ہے۔ آپ زندگی میں ایک مقام، ایک مقصد اور ایک منزل کو کس طرح حاصل کرسکتے ہیں، آئیے جانتے ہیں۔

مقصد کا تعین

آپ زندگی میں جو کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں، جو کچھ بننا چاہتے ہیں، سب سے پہلے اس کا تعین کرنا ضروری ہے۔ کچھ لوگ ’آج‘ میں جینے پر یقین رکھتے ہیں، یہ بھی ایک الگ فلاسفی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے باوجود بھی آپ کو یہ ضروری معلوم ہونا چاہیے کہ کل آپ خود کو کہاں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ورنہ زندگی کی اونچ نیچ اور بہاؤ آپ کو اس جگہ پہنچا سکتا ہے، جہاں آپ چاروں طرف مشکلات میں گھِرے ہوں گے اور کوئی آپ کے بچاؤ کو نہیں آئے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ مقصد کا تعین کریں، مقصد پر نظر رکھیں اور اسے حاصل کرنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیں۔ انگریزی میں کہتے ہیں کہ There ain't no such thing as a free lunch، یعنی زندگی میں آپ کو کوئی چیز کبھی بھی مفت میں نہیں ملتی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ آپ کو بھی اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کچھ قربانیاں دینا ہونگی۔ مثلاً وقت کی قربانی، کچھ عرصہ کے لیے فیملی یا سوشل لائف کی قربانی، فضولیات پر پیسہ خرچ نہ کرنے کی قربانی، عظیم مقصد کے حصول کے لیے بے معنی چیزوں کی قربانی وغیرہ۔

نتائج کی فکر نہ کریں

جس طرح کسی ناول کو اس کی ضخیم جلد دیکھ کر درمیان سے نہیں پڑھا جاتا یا ابتدا چھوڑ کر سب سے پہلے اس کے اختتام پر نہیں پہنچا جاتا، اسی طرح مقصد کے حصول کے لیے منزل پر نظر رکھنے کے باوجود نتائج کی فکر نہیں کی جاتی۔ جس طرح ناول کو اس کے ایک ایک صفحے سے لطف اندوز ہوکر پڑھا جاتا ہے، منزل کے حصول کے لیے آپ کا سفر بھی ایسا ہی ہونا چاہیے کیونکہ اگر آپ صرف نتائج کی پرواہ کرنے بیٹھ جائیں گے تو آپ اس منزل تک پہنچنے کا سفر طے نہیں کرپائیں گے۔ اس سفر میں اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور کوشش کریں کہ انھیں دوبارہ نہ دُہرایا جائے۔ سفر کو پُر لطف بنائیں گے تو آپ کی فیملی اور دوست بھی آپ کے شریکِ سفر بن جائیں گے اور آپ کو مقصد حاصل کرنے کے لیے کم قیمت(قربانی) ادا کرنا پڑے گی۔

سوچ کو مثبت رکھیں

جسم کے دیگر اعضاء کی طرح دماغ بھی ایک اہم عضو ہے۔ جس طرح آپ ہاتھوں اور پاؤں کو اپنی مرضی سے جس طرح چاہیں استعمال کرتے ہیں، اگر چاہیں تو آپ اپنے دماغ کو بھی اسی طرح استعمال کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے دماغ میں مثبت سوچ کو پروان چڑھاتے ہیں یا پھر منفی سوچ کو جگہ دیتے ہیں، اس کا پورا اختیار صرف آپ کو حاصل ہے۔ اس لیے مقصد پانے کے لیے اپنی سوچ کو مثبت رکھیں، دماغ میں شکوک و شبہات کو نہ آنے دیں کیونکہ منفی سوچ اور شکوک و شبہات منزل کے حصول میں آپ کے سفر میں راستے کا پتھر بنتے ہیں اور آپ کا سفر کٹھن بن جاتا ہے۔ اپنی سوچ کو مثبت رکھیں، کوئی وجہ نہیں کہ آپ کا سفر پُرلطف نہ ہو۔

خود اعتمادی اور خود انحصاری

آپ نے علامہ اقبال کی خودی کے بارے میں تو ضرور پڑھا ہوگا۔ کوئی اور نہیں، بلکہ آپ خود ہی اپنی تقدیر کا تعین کرسکتے ہیں۔ زندگی میں ہر شخص اپنی اپنی ترجیحات کے مطابق مصروفِ عمل ہے، ایسے میں آپ کو اپنے بہترین اور مخلص ساتھیوں سے بھی توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ وہ آپ کا ساتھ دیں گے۔ ایسا کرنا ان کے ساتھ ناانصافی اور خود اپنے ساتھ زیادتی ہوگی۔ جی ہاں، آپ ان سے اخلاقی مدد کی توقع رکھ سکتے ہیں لیکن اپنا سفر صرف آپ کو کرنا ہوگا۔ جب آپ یہ بات سمجھ لیں گے تو آپ کا سفر آسان ہوتا چلا جائے گا۔

زندگی میں نظم و ضبط لائیں

دور ہی سہی مگر منزل آپ کے سامنے ہے، جسے حاصل کرنے کے لیے ایک اور بنیادی کام آپ کو یہ کرنا ہوگا کہ آپ اپنی زندگی میں نظم و ضبط لے کر آئیں۔ منتشر زندگی کے ساتھ آپ کچھ حاصل نہیں کرپائیں گے۔ اپنے سونے اور جاگنے کے اوقات کار طے کریں، پھر ان پر بڑی بے رحمی سے عمل کریں۔ ورزش کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، صحت مند غذائیں کھائیں اور ذہن کو منتشر ہونے سے بچائیں۔ اس کے لیے مراقبہ کریں، یوگا کریں، عبادت کریں، وغیرہ۔ یہ چیزیں آپ کو جسمانی اور ذہنی طور پر توانا رکھیں گی اور آپ تھکن کا شکار نہیں ہوں گے۔ حصول منزل کے سفر میں تھکنا سخت منع ہے۔ 

تازہ ترین