نیپال میں کرپشن اور سوشل میڈیا پر عائد پابندی کے خلاف جین زی کے پُر تشدد احتجاج کے نتیجے میں حکومت گرنے کے بعد آج پہلی مرتبہ عام انتخابات ہو رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج صبح سے شہری ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کر رہے ہیں۔
آج ہونے والے انتخابات اس سیاسی ہلچل کے بعد منعقد ہو رہے ہیں جس میں گزشتہ سال کے پی شرما اولی کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔
نیپال میں ہونے والے ان انتخابات میں ملک بھر سے 1 کروڑ 89 لاکھ سے زائد اہل ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے تاکہ 275 رکنی ایوانِ نمائندگان کے ارکان کا انتخاب کیا جا سکے۔
275 میں سے 165 نشستوں پر ہونے والی راست ووٹنگ کے لیے 3 ہزار 406 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ بقیہ 110 نشستوں کے لیے متناسب نمائندگی کے نظام کے تحت 3,135 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔
ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق آج صبح 7 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
حکام کے مطابق بیلٹ باکسز جمع ہونے کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔