• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری پارٹی میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ اسلام آباد پر چڑھائی کرسکیں، جی ڈی اے

سکھر (بیورو رپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) زرداری پارٹی میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ اسلام آباد پر چڑھائی کرسکیں، احتساب کے بعد سندھ میں تبدیلی خود بخود آجائیگی، کرپشن کے خاتمے میں ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، سندھ حکومت کی کچھ اپنی بھی ذمہ داریاں ہیں لیکن وہ سارا ملبہ وفاق پر ڈال دیتے ہیں۔ جی ڈی اے کے رہنماؤں صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، سردار علی گوہر خان مہر اور غلام مرتضیٰ جتوئی کی خانگڑھ میں جی ڈی اے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت۔ اس موقع پر صدر الدین شاہ راشدی نے کہاکہ سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی کا فی الحال کوئی امکان نہیں، سندھ میں ان ہاؤس تبدیلی غیر قانونی طریقے سے نہیں ہوگی، جی ڈی اے کسی غیرقانونی تبدیلی کا حصہ نہیں بنے گی، زرداری کے ورکروں کی اتنی قوت نہیں کہ وہ گھوٹکی پہنچ سکیں اور بات کرتے ہیں وہ اسلام آباد جانے کی۔ زرداری پارٹی میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ اسلام آباد پر چڑھائی کرسکیں۔ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہاکہ احتساب کے بعد تبدیلی خود بخود آجائیگی، عمران خان جس طرح سے کام کر رہا ہے ہم ان کے ساتھ ہیں پہلے احتساب ہونے دیں، پھر ان ہاؤس تبدیلی لائی جائیگی، عمران خان ایک اچھے انسان ہیں محنت کرتے ہیں، جس طرح وو کام کر رہے ہیں ان کو وقت دینا چاہیے ہم سب کرپشن کے خلاف اس کے ساتھ ہیں، عمران خان سندھ کے دورے پر آ رہے ہیں ان کے سامنے ہم سندھ کے مسائل رکھیں گے۔ سردار علی گوہر خان مہر اور غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہاکہ پیر پگارا کے خاندان سے پرانا تعلق ہے، سندھ کے لوٹے ہوئے ایک ایک روپے کا حساب لیں گے، 27 جنوری کو گھوٹکی میں تاریخی جلسہ کرینگے، سندھ کے 18اضلاع کے لوگوں کو پینے کے لئے گٹروں کا گندا پانی دیا جارہا ہے، گھوٹکی کے عوام کو نظر انداز کیا جارہا ہے، ضلع گھوٹکی گیس فراہم کرنیوالا ہے لیکن ایک روپیہ بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ قبل ازیں گوہر پیلس خانگڑھ میں جی ڈی اے کا اجلاس پیر سائیں پگارا کے زیر صدارت منعقد ہوا۔گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا اعلیٰ سطحی اجلاس خانگڑھ کے گوہر پیلس میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت حروں کے روحانی پیشوا، فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر سائیں پگارا نے کی۔ اجلاس میں صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، سردار علی گوہر خان مہر، ایاز لطیف پلیجو، غلام مرتضیٰ جتوئی، غوث بخش خان مہر، سید شفقت علی شاہ، عرفان اللہ مروت، عبدالرزاق راہموں اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں 27جنوری کو گھوٹکی میں جلسہ عام منعقد کرنیکا فیصلہ کیا گیا، جس میں شرکت کے لئے وزیر اعظم عمران خان کو دعوت دی جائیگی۔
تازہ ترین