• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدین ذمہ داری کا احساس کریں، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو دینی تعلیمات کی طرف راغب کرنا ہوگا، شوکت میرپوری

کیتھلے ( محمد رجاسب مغل ) مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے صدر شوکت میرپوری نے کیتھلے کے نوجوان عبداللہ سلیم عطاری کو عالم کا کورس مکمل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور حاضر میں برٹش مسلمانوں کواپنی نوجوان نسل کو دینی تعلیمات کی جانب راغب کرنا ہوگا آئے روز ہماری نوجوان نسل منشیات اور دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر جیلوں میں جا کر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری کمیونٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بن رہی ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ والدین اپنی ذمہ داری کا احساس کریں بچوں کا اور اپنا مساجد کے ساتھ رشتوں کو مضبوط کریں۔ انہوں نے دعوت اسلامی کی تحریک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعوت اسلامی جس طرح دنیا بھر میں دین اور نوجوان نسل کی عملی تربیت کر رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی بالخصوص برطانیہ میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ایسے علماء تیار کیے جائیں جو انگریزی زبان سے واقف ہوں انہوں نے کہا کہ بچوں کو عالم بنانابہت بڑی فضیلت ہے علمائے دین کو انبیاء کرام کا وارث اور ان کے حصولِ علم کو جنت کی طرف مسافت طے کرنے سے تعبیر کیا گیا ہے مسلمان سب سے پہلے دینی تعلیم حاصل کریں اور اسی میں اپنی کامیابی تصور کریں اگر مکمل علم حاصل نہ کیا جاسکے اور فضیلت تک تعلیم کسی وجہ سے ناممکن ہو تو کم از کم اتنا علم ضرور حاصل کرلیںجس سے اسلامی زندگی گزاری جاسکے ، حلال و حرام کی تمیز ہو اور یہ معلوم ہوجائے کہ ہمارا دین اسلام سے کیا تعلق ہے ، وحدانیت اور رسالت کے بنیادی امور کیاہیں ایک مسلمان کے لیے کن چیزوں کا جاننا ضروری قرار دیا گیا ہےاس لیے کہ ان باتوں کو جانے بغیر شریعت پر عمل نا ممکن ہے اور اہل ایمان کے نزدیک شریعت پر عمل ہی مقصد حیات اور ساری سرگرمیوں کا منبع اور سرچشمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دین کی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا بلا شبہ برطانیہ میں ہماری تیسری نسل برطانوی معاشرے کے ہر شعبے میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے ایسے نوجوان کمیونٹی کے رول ماڈل ہیں برطانیہ میں مثبت طرز عمل سے ہی ہم اسلام کا نام روشن کر سکتے ہیں اس موقع پر مسلم ایسوسی ایشن کے دیگر اراکین الحاج ظفر اقبال جماعتی الحاج علی اکبر چشتی نے بھی عبداللہ سلیم سمیت دیگر آٹھ نوجوانوں کو درس نظامی کی تکمیل کرنے پر انہیں اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہی نوجوان حقیقی معنوں میںپوری کمیونٹی کا فخر اور سرمایہ ہیں۔ واضح رہے نوجوانوں کی دستار بندی گزشتہ روز بریڈفورڈ مدنی مسجد میں دعوت اسلامی کی مجلس شورہ کے نگران حاجی محمد عمران عطاری نے دستار فضیلت کے ایک بڑے جلسے میں کی تھی ۔

تازہ ترین