• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف جلد سرخرو ہوں گے، مقدمات میں صداقت نہیں، راجہ اسد حسین

بارسلونا (شفقت علی رضا ) میاں محمد نواز شریف جلد سرخرو ہوں گے ، اُن پر بنائے گئے مقدمات میں کوئی صداقت ہے اور نہ ہی کوئی ثبوت ہے ، سپریم کورٹ کا میاں نواز شریف کے خلاف سزا بحال رکھنے کے لئے نیب کی اپیل خارج کرنے کا حالیہ فیصلہ خوش آئند ہے ۔ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ ن سپین کے سرپرست اعلیٰ حاجی راجہ اسد حسین، چیئر مین میاں محمد اظہر اور نائب صدر چوہدری محمد ادریس نے روزنامہ جنگ لندن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام موجودہ دور حکومت کی وجہ سے تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا اور ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے والا تین بار کا منتخب وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف بغیر ثبوت کے مقدمات میں جیل کی سزا کاٹ رہا ہے جبکہ علیمہ خان آزاد ہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ امتیازی سلوک ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان میں سزا صرف میاں برادران کو دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں میاں نواز شریف ، کیپٹن صفدر اور مریم نواز کے خلاف سزا بحال کرنے کی درخواست پر سپریم کورٹ کے اعلیٰ ججوں کا یہ فیصلہ کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو بحال رکھا جائے اور نیب کی اپیل خارج کرنا خوش آئند ہے اس سے سپریم کورٹ کے وقار کو مزید جلا ملی ہے اور انصاف کا یہ سفر اب جلد مکمل ہونے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تارکین وطن پاکستانی میاں برادران کے ساتھ ہیں اور دیار غیر سے بہت جلدایک تحریک شروع کی جائے گی جس کا مقصد میاں برادران کے خلاف ہونے والی انتقامی کاروائیوں کے خلاف سخت احتجاج کرنا ہے۔
تازہ ترین