سندھ کے شہر سکھر کی پولیس نے امن و امان کی فضا بحال رکھنے کے لیے کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
آپریشن کے دوران اشتہاری و روپوش ملزمان سمیت 200سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے، جن سے بھاری اسلحہ و مسروقہ گاڑیاں برآمد کی جاچکی ہیں۔
آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکار اور کمانڈوز جدید اسلحے، بکتر بندگاڑیوں اور جدید دوربینوں سے لیس ہیں۔
ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق ضلع سکھر میں کچے کے جنگلات باگڑ جی، سدوجہ اور شاہ بیلو میں ڈاکوؤں کے گروہوں کے منظم ہونے کی اطلاعات پر پولیس نے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
جنگلات میں ڈاکوؤں کے خلاف 6 دن سے جاری آپریشن کے دوران پولیس کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں، ڈاکوؤں کی درجنوں پناہ گاہوں کوگرادیاگیا یا جلادیا گیا۔
اس دوران روپوش و اشتہاری ملزمان سمیت 200سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ و مسروقہ گاڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔
آپریشن میں پولیس اہلکاراور کمانڈوز جدید اسلحے سے لیس ہیں، بکتر بند گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں، جدید دوربینوں سے ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر نگاہ رکھی جا رہی ہے، ڈاکوؤں کے مکمل خاتمےتک آپریشن جاری رہےگا۔