• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریحانہ نے اپنے برانڈ کا نام استعمال کرنے پر والد کیخلاف مقدمہ دائر کردیا

لاس اینجلس (ایجنسیاں)شمالی امریکی کیریبین ملک بارباڈوس سے تعلق رکھنے والی معروف پاپ گلوکارہ ریحانہ نے اپنے والد کے خلاف ان کے برانڈ کے نام کو اپنے کاروبار میں استعمال کرنے پر مقدمہ دائر کردیا۔لاس اینجلس کی عدالت میں دائر کردہ اپنی شکایت میں ریحانہ جن کا پورا نام رابِن ریحانہ فینٹی ہے نے اپنے والد رونلڈ فینٹی پر الزام لگایا کہ انہوں نے اپنے پارٹنر کے ساتھ مل کر ان کے ٹریڈ مارک کی خلاف ورزی کی جبکہ ایسا پیش کرنے کی کوشش کی کہ ان کا کاروبار فینٹی انٹرٹینمنٹ گلوکارہ سے منسلک ہے۔30سالہ ریحانہ نے کہا کہ وہ اس نام کو سال 2012 سے اپنے میک اپ اور دیگر کاروبار کے لیے استعمال کررہی ہیں۔ فینٹی انٹرٹینمنٹ ایک ٹیلنٹ اور پروڈکشن کمپنی ہے، جسے 2017میں رونلڈ اور ان کے ساتھی نے قائم کیا۔عدالت میں دائر اپنی درخواست میں ریحانہ نے مطالبہ کیا کہ ان کے والد رونلڈ فینٹی اس برانڈ کے نام کو فوری استعمال کرنا بند کریں جبکہ ہونے والے نقصان کو بھی پورا کریں۔تاہم فینٹی انٹرٹینمنٹ کمپنی نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

تازہ ترین