• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترقی کیلئے یکساں نظام تعلیم ناگزیر ہے،قادر علی نائل

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سیاسی رہنماوں و تعلیمی ماہرین نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور تعلیم کے فروغ کیلئے یکساں نظام تعلیم ناگزیر ہے ، ایک نصاب کے تحت تعلیم رائج کیے بغیر امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ختم نہیں کیا جاسکتا ، سیاسی جماعتوں کے منشور میں تعلیم کا ذکر نہیں ہوتا ، سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ تعلیمی ادارے ضرورت بن چکے ہیں ، ان خیالات کا اظہارایچ ڈی پی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی قادر علی نائل بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن علی محمد ناصر ، آل بلوچستان پرائیویٹ اسکولز کے چیئرمین ملک رشید ناصر ، جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نوراللہ وطن دوست ، حبیب الرحمٰن ، عبدالودود جمال اور دیگر نے مقامی ادارئے کے زیر اہتمام تعلیم کے فروغ اور بچوں کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ نہ صرف صوبہ بلکہ ملک بھی تعلیم کے حوالے سے مسائل کا شکار ہیں جبکہ بلوچستان میں تو تعلیم کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں ، اس وقت بھی 12 لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں ، انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں معیاریتعلیم نہ ہونے کی وجہ سے عوام اگرچہ کم وسائل رکھتے ہیں مگر بہ امر مجبوری پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی طرف رخ کرکے اپنے بچوں کو ان تعلیمی اداروں میں داخل کراتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ حکومت یکساں نظام اور یکساں نصاب رائج کرکے صوبے میں تعلیم کو فروغ دئے ، انہوں نے کہاکہ نجی ادارے نے تعلیم کے حوالے سے جو شمع روشن کی ہے اس پر ہم ان کے ذمہ داروں کو داد دیتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ تعلیم کی بہتری کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے ، اس موقع پر اول ، دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبا کو نقد انعامات اور پوزیشن ہولڈر طلبا کو اسناد اور ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
تازہ ترین