• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں موسم سرما کی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے، سب سے زیادہ بارش 31 ملی میٹر لانڈھی میں ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والی بار ش وقفے وقفے سے رات گئے بھی برستی رہی۔

بارش کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔


بارش کا پانی نارتھ ناظم آباد ،کے ڈی اے چورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، شارع فیصل پر ڈرگ روڈ، بلوچ کالونی، شاہراہ پاکستان، نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم روڈ، ڈالیما روڈ، یونیورسٹی روڈ،مکی مسجد کے قریب گارڈن روڈ کے مختلف مقامات پر جمع ہو گیا جس سے رات دیر تک ان سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور مسافروں کو سفر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جس سے نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، گارڈن، صدر، گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے متعدد بلاکس، ملیر، کھوکھراپار، لیاقت آباد، سمیت متعدد علاقے متاثر ہوئے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے باعث چند علاقوں میں بجلی کا تعطل ہے اور بجلی کے تعطل کو جلد بحال کر دیا جائے گا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے، شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایران سے بارش برسانے والا سسٹم آگے بڑھ چکا ہے اور شہر میں مزید بارش کا امکان نہیں ہے۔

گزشتہ رات ہونے والی بارش سے زیادہ لانڈھی میں 31ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 10، ایئرپورٹ پر 15، گلستان جوہر میں 29،نارتھ کراچی میں 6 ، ناظم آباد میں 10 ، پی ایف بیس فیصل اور مسرور میں 12ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین