• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بارش، اسکولوں و دفاتر میں حاضری کم

مغرب سے آنے والے بارش برسانے والے سسٹم نے کراچی میں اپنا اثر دکھانا شروع کردیا، شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اورکہیں گرج چمک کے ساتھ تیزبارش ہوئی ۔


کراچی میں رات گئے ہونے والی شدید بارش کے بعد سڑکیں صبح میں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، جبکہ سڑکوں پر موٹر سائیکلیں پھسلنے سے کئی افراد زخمی ہوگئے ۔

متعدد سرکاری و نجی اسکولوں میں طلبہ و طالبات کی حاضری میں نمایاں کمی رہی تاہم بچوں کے والدین پریشان ہیں کہ کسی بھی سرکاری و نجی ذمہ دار ادارے یا تنظیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا کہ اسکولوں میں آج چھٹی ہے یا نہیں۔

بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں موجود دفاتر میں بھی لوگ نہیں پہنچ پائے اور حاضری کم رہی۔

بارش کے شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی جو تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے۔

سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبہار، پاک کالونی، گارڈن، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، گرومندر، نمائش، لسبیلہ، پٹیل پاڑہ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، صدر، کھارادر، بولٹن مارکیٹ، ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ ، ایم اے جناح روڈ اورشارع فیصل پرپہلے بوندا باندی اورہلکی بارش ہوئی پھر کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش برسی۔

بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہوگئی جس سے کئی موٹرسائیکل سوار گرکر زخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے، ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔

تازہ ترین