• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی اے سی تقرری، اسمبلی معاملات میں دخل نہیں دے سکتے، شہبازشریف کے خلاف درخواست خارج، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بطور چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی تعیناتی کیخلاف درخواست ابتدائی سماعت پر ہی ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی ۔ عدالت عالیہ کے ڈویژن بنچ نے قرار دیا ہے کہ اسمبلی معاملات میں دخل نہیں دے سکتے۔ شہباز شریف اورسعد رفیق ابھی ملزم ہیں مجرم نہیں،پروڈکشن آرڈرجاری کرنا اسپیکر کا استحقاق ہے۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مقامی وکیل ریاض حنیف کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔ درخواست میں شہباز شریف کی بطور چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی تقرری کو کالعدم قرار دینے ، انہیں درخواست کے فیصلے تک کام سے روکنے اور اسپیکر قومی اسمبلی کوشہباز شریف کے اجلاس میں شرکت کے لئے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے روکنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو صوابدیدی اختیارات حاصل ہیں، شہباز شریف اور سعد رفیق پر ابھی الزامات ہیں وہ مجرم نہیں ہیں، جب تک جرم ثابت نہ ہو وہ بے گناہ تصور ہوں گے۔
تازہ ترین