اسلام آباد(اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کی ذمہ داری سنبھالنے پرپاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں موجود کشیدگی ختم، تعلقات ازسر نو بہتر بنانے کے مقصد میں کامیابی ہوئی‘سینئرامریکی سینیٹرلنزے گراہم کی پریس کانفرنس دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا عمل آگے بڑھنے کی عکاس ہے‘پاک امریکا اسٹریٹجک تعلقات کی بحالی کے اشارے مل رہے ہیں‘ کل تک جو ہم پرانگلیاں اٹھاتے تھے آج تعریف کے کلمات کہہ رہے ہیں‘امریکی سینیٹر نے عمران خان سے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ گزشتہ روز ایک انٹرویومیں شاہ محمودقریشی کا کہنا تھاکہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے عمران خان کی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیاجارہا ہے۔آج دنیا عمران خان کی افغانستان کے سیاسی حل کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے تسلیم کررہی ہے کہ وہ درست کہتے تھے۔ دنیا امن ومصالحت میں پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے سمجھتی ہے کہ اس عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہوگا۔