• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے بیشتر علاقوں سے گیس غائب، شہری شدید سردی میں اذیت سے دوچار

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کے اکثر علاقوں میں گیس کا بحران بدترین صورت اختیار کر چکا ہے ، شدید سردی میں شہر کے بیشتر علاقوں میں یہ بنیادی سہولت نہیں مل رہی اور جہاں کہیں دستیاب ہے وہاں پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ دیا جلنے کا گمان ہوتا ہے۔شہر کے چند ایک علاقے ایسے بھی ہیں جہاں 9سال قبل درخواستیں دینے کے باوجود یہ بنیادی ضرورت فراہم ہی نہیں کی جا رہی، گرجا روڈ چک جلال دین محلہ قریشی آباد نزد مسجد علی اکبر کی تین گلیوں کے 100گھروں کے رہائشیوں عبدالکبیر وغیرہ کا کہنا ہے کہ کوئی وزیر مشیر ہماری داد رسی نہیں کر رہا 9برسوں سے سلنڈر اور لکڑی استعمال کر رہے ہیں۔ یہ حلقہ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا ہے مگر ہمیں گیس نہیں مل رہی، اسی طرح رینج روڈ، شالے ویلی، ویسٹریج بازار، کوچہ اندر گل ،کٹاریاں، سیٹلائٹ ٹائون، صادق آباد، مسلم ٹائون، آریہ محلہ، اڈیالہ روڈ، گلشن آباد، ڈیفنس روڈ، قائد اعظم کالونی، میڈیا ٹائون، شعبان کالونی، ڈھوک لکھن اور لالہ زار، ویلی روڈ سمیت شہر کا کوئی علاقہ بھی ایسا نہیں جہاں کے رہائشیوں کو یہ بنیادی سہولت میسر ہو لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ بل پہلے سے کئی گنا زیادہ آرہے ہیں۔ دوسری طرف ایل پی جی سلنڈروں کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں اور ہر دکاندار منہ مانگے نرخ وصول کر رہا ہے ۔گزشتہ روز شہر کے کئی علاقوں میں متاثرین نے ایس این جی پی ایل اور عوامی قیادت کی بے حسی کیخلاف احتجاج بھی کیا۔دوسری طرف گزشتہ چند روز میں کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے کئی حادثات اور جانی نقصان کے باوجود شہریوں نے اس کا استعمال ترک نہیں کیا اور یہ بھی گیس پریشر میں کمی کی ایک وجہ ہے، شہریوں کا شکوہ ہے کہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر غلام سرور خان جن کے پاس متعلقہ وزارت بھی ہے انہیں بھی عوام کی اذیت کا رتی برابر احساس نہیں ہے، متاثرین کے مطابق چوہدری نثار کے دور میں صورتحال اتنی خراب نہ تھی۔ عوام نے مطالبہ کیا ہےکہ خدا کیلئے ان کی حالت پر رحم کیا جائے۔
تازہ ترین