کر اچی ( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام بانی و قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعے کو کراچی کے 18مقامات پر بھر پور ریلیاں نکالی گئیں جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی اور الطاف حسین کی قیادت پر ایک بار پھر اپنے بھر پور اعتماد کااظہار کیا ۔ یہ ریلیاں جمعرات کو سابق سٹی ناظم کی جانب سے الطاف حسین پر لگائے جانے والے الزامات کے بعد نکالی گئی جس میں کار کنوں نے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایک جیسی فلمیں کب تک چلائی جائے گی،پورے ملک کے عوام اور میڈیا کے نزدیک بھی اب اس قسم کے الزامات کی اہمیت ختم ہوچکی ہے، عوام ماضی کی طرح الطاف حسین سے جڑے ہوئے ہیں، کوئی بھی سازش انہیں قائد تحریک سے جدا نہیں کرسکتی، عوام نے دو نئے ٹیسٹ ٹیوب کو مسترد کر دیا ہے۔ بانی و قائد تحریک الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے لانڈھی میں عمران شہید پارک ، کورنگی میں کورنگی نمبر 5، ملیر میں آرسی ڈی گرائونڈ ، شاہ فیصل میں گرین بیلٹ ، گلستان جوہر میں جوہر موڑ، اسکیم 33میں مسکن چورنگی ، گلشن اقبال حسن اسکوائرء ، لائینز ایریا میں نمائش ، سوسائٹی میں بہادرآباد چورنگی ، محمود آباد میں ستار بیکری ، ڈیفنس میں 2تلوار ، برنس روڈ میں فریسکو چوک ، پاک کالونی میں بڑا بورڈ ، بلدیہ ٹائون میں اکبر گرائونڈ ، قصبہ علی گڑھ میںقصبہ موڑ ایک نمبر چورنگی ، اورنگی میں 5نمبر چورنگی ، ، ناتھ کراچی میں نارگن چورنگی ،نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹارچورنگی ،لیاقت میں لیاقت آباد نمبر 10اور فیڈرل بی ایریا میں واٹر پمپ چورنگی پر اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں ۔اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانی والی ریلیوں کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر الطاف حسین سے اظہار یکجہتی اور انکی قیادت پر اعتماد کے حوالے سے نعرے ، کلمات اور اشعار جلی حروف میں تحریر تھے جبکہ اظہار یکجہتی کی ریلیوں کے شرکاء متحدہ قائد اور پارٹی کے حق میں نعرے میں لگا رہے تھے۔ اس موقع پر ریلیوں کے شرکاء نے الطاف حسین کے خلاف کی جانے والی سازشوں اور جھوٹے پروپیگنڈوں کو یکسر طور پر مستر دکردیا۔ الطاف حسین سے اظہاریکجہتی کیلئے ڈسٹرکٹ کورنگی اور ملیرمیں نکالی جانے والی اظہاریکجہتی ریلیوں میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین عارف خان ایڈووکیٹ، اقبال مقدم، محترمہ زرین مجید، ڈسٹرکٹ سائوتھ میں نکالی جانے اولی اظہار یکجہتی کی ریلیوں میں رابطہ کمیٹی کے ارکان عادل خان ، ڈاکٹر عبدا لقادر خانزادہ ، کنور نوید جمیل ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف مقامات پر نکالی جانے والی اظہار یکجہتی کی ریلیوں میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کمال ملک، نسرین جلیل ، قاسم علی رضا ،امین الحق ، ریحانہ نسرین ، اقبال مقدم، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں نکالی جانے والی ریلیوں میں رابطہ کمیٹی کے ارکان ارشد حسن، زاہد منصوری، مطیع الرحمن جبکہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں نکالی جانے والی اظہار یکجہتی کی ریلیوں میں رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد حسین اور عبد الحسیب خان ، حق پرست سینیٹرز ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، نامزد حق پرست میئر کراچی وسیم اختر ، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا اور منتخب حق پرست بلدیاتی نمائندے بھی شریک ہوئے ۔ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ریلیوں کے شرکاء سے اپنے خطاب میں رابطہ کمیٹی کے ارکان اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے کہاکہ الطاف حسین کروڑوں عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور صرف دو افراد مداری پن کا مظاہرہ کرکے یہ سمجھ رہے ہیں کہ عوام الطاف حسین سے منحرف ہوجائیں گے خود فریبی نہیں تو اور کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وقت بتا دے گا کہ وہ بھی سازشی عناصر کے ہاتھوں نہ صرف استعمال ہوئے ہیں بلکہ اپنی دنیا اور آخرت دونوں خراب کرچکے ہیں ۔ اظہار یکجہتی کی ریلیوں کے شرکاء نے بھی اپنے جذبات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوام نے الطاف حسین کی حمایت میں گھروں سے نکل کر ثابت کردیا ہے کہ مداری پن کا مظاہرہ کرنے والے جھوٹے ہیں۔ سازشی عناصر اپنے بدترین انجام کو پہنچیں گے ۔ادھر ایم کیوایم آزاد کشمیر کے زیرا ہتمام مظفر آباد اور میر پور پریس کلب کے باہر الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں جن میں عوام و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلیوں کی سربراہی آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر ، ایم کیوایم آزاد کشمیر کے ذمہ داران مشکور بلال بٹ اور عزت علی نے کی ۔ الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ریلیوں کے شرکاء اپنے ہاتھوں میں اظہار یکجہتی پر مشتمل پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر الطاف حسین کیلئے دعائیہ اشعار اور کلمات تحریر تھے ۔ ریلیوں نے شرکاء نے ہاتھوں میں ایم کیوایم کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے اور فلک شگاف انداز میں الطاف حسین کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔