• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمایہ کاری کی راہ میں روکاوٹیں دورکرینگے، وزیراعظم


وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہاہے کہ اوورسیزپاکستانیوں کی اندرون ملک سرمایہ کاری کی راہ میں روکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ممتاز نارویجن پاکستانی سرمایہ کار راجہ ناصر حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گذشتہ روز وزیراعظم سے اسلام آباد میں انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے مشیر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک اور بورڈ آف انوسٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا عظیم سرمایہ ہیں اور ان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

اس سے قبل ان کے ساتھ پیش آنے والے ناگوار واقعات کا ازالہ کیا جائے گا اور پاکستان میں انکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔راجہ ناصر حسین نے وزیراعظم پاکستان کو پاکستان میں سولرانرجی میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور بتایاکہ پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات کی شمالی یورپ کے ملک ناروے سے کافی مشابہت ہے اور یہ علاقے یورپی سرمایہ کاری کے لیے موزوں ہیں۔

انھوں نے بتایاکہ اگر پاکستان کی صنعتوں کو دور دراز کے شمالی علاقہ جات منتقل کیا جائے تو اس سے وہ علاقے بھی ترقی کریں گے، سستی انرجی بھی میسر ہوگی اور ماحول میں بھی بہتری آئے گی۔راجہ ناصر حسین جنہوں نے پاکستان میں نارویجن ٹیلی نار کی سرمایہ کاری لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، نے کہاکہ ایک نارویجن سرمایہ کار کمپنی نے پانی اور بجلی کے مسائل کی نشاندہی آج سے چودہ سال قبل پاکستان کے متعلقہ حکام کو کردی تھی لیکن اس وقت ان مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

انھوں نے کہاکہ ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہو اور خاص طور پر اوورسیز پاکستانی ملک میں سولرانرجی اور دیگر مفید منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکیں۔انھوں نے پاکستان میں کمپنی رجسٹریشن اور اس طرح کے دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی اور کہاکہ سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ لوگ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ راجہ ناصر سے تفصیلی ملاقات کریں اور اوورسیزپاکستانیوں کی سرمایہ کاری سے متعلق مسائل کے بارے میں تین دن کے اندر رپورٹ پیش کریں۔راجہ ناصر نے پاکستان میں ٹیکس نظام کو موثر بنانے کے لیے تجویز پیش کی کہ دوکانداروں سمیت تمام عام کاروباری افراد کو ٹیکس نظام میں لایا جائے اور لوگوں کو ٹیکس دینے والے دوکانداروں سے خریداری کی ترغیب دے کر قومی ٹیکس کے نظام کو مضبوط بنایا جائے۔

وزیراعظم سے راجہ ناصر کی ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک پلیٹ فارم بنانے کی بھی تجویز پر زور دیا گیا جسکے اراکین ملک ملک جا کر ان پاکستانیوں کوملک میں سرمایہ کاری کی طرف قائل کرے۔راجہ ناصر نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ ڈیم فنڈ میں سرمایہ کاری کے لیے اسٹاک مارکیٹ کی سطح پر ایک کمپنی بنائی جائے اور اس فنڈ میں پیسہ جمع کروانے والوں کو اس کے شیئر دیئے جائیں۔

اس سے مستقبل میں بھی سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انھوں نے وزیراعظم کو چند ماہ کے دوران ناروے میں ڈیم فنڈ کے لیے میں رقوم جمع کرنے کی مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس حوالے سے نارویجن پاکستانی تنظیموں اور شخصیات اور خاص طور پر سفارتخانہ پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

تازہ ترین