میہڑ (نامہ نگار) دادو میں اینٹی کرپشن کا ایکسائز آفس پر چھاپہ، ریکارڈ تحویل میں لے لیا ،میہڑ میں نیب کے مقدمہ میں روپوش، محکمہ تعلیم کا سابق آفیسر گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق میہڑ میں بی سیکشن پولیس نے گزشتہ روز سولنگی محلے سے محکمہ تعلیم کے ای ڈی او آفس دادو کے سابق آفس سپرنٹنڈ نٹ محمد ابراہیم لغاری کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص نیب کی عدالت میں ایک مقدمے میں روپوش تھا ، نیب عدالت نے اس کی گرفتاری کیلئے وارنٹ جاری کئے تھے جس وجہ سے اسے گرفتار کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف دادو میں اینٹی کرپشن پولیس نے گذشتہ روز سیکنڈ سول جج دادو گل محمد بروہی کی موجودگی میں ایکسائز آفس پر اچانک چھاپہ مارا ، چھاپے کے دوران ملازمین میں کھلبلی مچ گئی، اور چھاپے کے دوران آفیسر اور کلرک غائب ہوگئے ، جبکہ اینٹی کرپشن پولیس نے چھاپے کے دوران گذشتہ 8 برسوں کا ریکارڈ اپنی تحویل میں لیکر اعلیٰ سطح کی تفتیش شروع کردی ہے ، اینٹی کرپشن پولیس کے سرکل آفیسر نے بتایا ہے کہ ایک گاڑی کی 1800 فیس ہے، لیکن ایکسائیز پولیس 4 سے 5 ہزار لیتی رہی ہے ،جس کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے، رقم سرکاری خزانے کے بجائے کروڑوں روپے آفیسران کے جیبوں میں جاتی ہے۔