• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزراء ملک و قوم کو ابہام کا شکار کررہے ہیں،رانا ثناء اللہ

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان محمد جنید سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر کے ساتھ ہماراپانی اور معیشت جڑی ہوئی ہے، ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وفاقی وزراء ملک و قوم کو ابہام کا شکار کررہے ہیں،سانحہ ساہیوال کےمقتول خلیل کے بھائی محمد جلیل نے کہا کہ ہم جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا کہ مقتول خلیل کے لواحقین کی منگل کو جے آئی ٹی سے ملاقات ہوئی ہے، بدھ کو ان سے دوبارہ مل کر منگل کی ملاقات کے خدشات دور کرنے کی کوشش کروں گا۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح خطے کا امن و استحکام ہے، ہم پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں، مسئلہ کشمیر کے منطقی نتیجے پر پہنچے بغیر ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم نہیں ہوسکتے، ہندوستان جب تک اقوام متحدہ سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کرتا اونٹ کسی کروٹ نہیں بیٹھے گا، کشمیر کے ساتھ ہماراپانی اور معیشت جڑی ہوئی ہے، پاکستان اور مظلوم کشمیریوں کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی نے پرامن عوامی تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے، عوام سڑکوں پر آجائیں تو بندوق اور سنگین انہیں روک نہیں پاتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کمشنر اور ہاؤس آف کامنز کا آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کی رپورٹوں کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی منظرنامے پر سینٹر اسٹیج ہوگیا ہے، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر مسئلہ کشمیر پر یک زبان ہو کر بات کی ہے،برطانیہ کی لیبر پارٹی، کنزرویٹو پارٹی اور لبرل ڈیموکریٹس نے متفقہ طور پر کشمیر سے متعلق قرارداد پر دستخط کیے۔سانحہ ساہیوال کےمقتول خلیل کے بھائی محمد جلیل نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ ہاؤس کی میٹنگ میں جھوٹی ایف آئی آر خارج کرنے کا یقین دلایا گیا تھا مگر جے آئی ٹی نے اسے خارج کرنے سے انکار کردیا ہے، جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے نہ بیان ریکارڈ کروائیں گے، سی ٹی ڈی نے ہمارے خلاف ایف آئی آر کی تصدیق شدہ کاپی ٹیمپر کر کے دی ہے، لگتا ہے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے شہباز گل کو بھی چونا لگادیا ہے، ایف آئی آر میں ہی جعلسازی کردی گئی تو آگے کیا نہیں ہوگا، ہمارا جوڈیشل کمیشن کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ برقرار ہے، کسی ادارے سے نہیں لڑ رہے ہمیں صرف انصاف چاہئے، اب ہم ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی پیروی کریں گے، جے آئی ٹی سے ملاقات میں حکومت کا کوئی نمائندہ ہمارے ساتھ نہیں تھا، مقتول ذیشان کے لواحقین میں سے بھی کوئی اس ملاقات میں شامل نہیں تھا۔ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا کہ مقتول خلیل کے لواحقین کی منگل کو جے آئی ٹی سے ملاقات ہوئی ہے، بدھ کو ان سے دوبارہ مل کر منگل کی ملاقات کے خدشات دور کرنے کی کوشش کروں گا، جس طریقے سے بھی ان کی تسلی ہوگی ہم ویسے ہی آگے چلیں گے۔
تازہ ترین