• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چور اور چوکیدار ایک ہوئے تو تبدیلی کی جگہ انقلاب آئیگا، شیخ رشید

لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، شاہ کوٹ (نمائندگان جنگ، نامہ نگار) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں چور اور چوکیدار کو ملنے سے روکنا ہو گا اگر ایسا ہوا تو تبدیلی کی بجائے انقلاب آئے گا، خزانہ لوٹنے والوں کیساتھ کوئی ڈیل ہوگی اور نہ ہی انہیں ڈھیل دی جائے گی۔ قوم چاہتی ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو سزا ملے۔ میاں صاحب کی گردے کی پتھری سمیت ہر بیماری کا علاج لال حویلی میں ہے۔شریف برادران قومی خزانے کو لوٹنے پر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ وزیراعظم کو وزیراعلیٰ پنجاب پر بھرپور اعتماد ہے، اور وہ انکے ساتھ کھڑے ہیں، بلاول کو معاف کردیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیصل آباد، شیخوپورہ، شاہ کوٹ میں میڈیا اورہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر ، چیمبر آف کامرس، فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ میں صنعتکاروں سے خطاب اور تحریک انصاف کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان ریلویز میں کلین، گرین اور خوش اخلاق مہم کے پانچویں روز وفاقی وزیر ریلویزشیخ رشید احمد سی ای او ریلویز آفتاب اکبر اور ڈی ایس ریلوے لاہور عامر نثار چوہدری کے ہمراہ بذریعہ ٹرین فیصل آباد تک انسپکشن کرتے ہوئے گئے۔ انہوں نے شیخوپورہ، صفدرآباد، سانگلہ ہل اور فیصل آباد سٹیشنوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو خصوصی طور پر چیک کیا۔ دورے کے دوران ریلویز سٹیشنوں پر مقامی لوگوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ علاوہ ازیں شیخ رشید نے کشمیر ڈے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔پورا پاکستان پچھلے ستَر سال سےکشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہیں گے۔ پاکستان ، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔
تازہ ترین