• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری‘ راولپنڈی کے بعد چکوال،جہلم، میانوالی اور بھکر میں یونیورسٹیز بنانیکا فیصلہ

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے مری اور راولپنڈی کے بعد چکوال، جہلم، میانوالی اور بھکر میں بھی یونیورسٹیز بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چکوال میں یونیورسٹی کا نام نارتھ پنجاب یونیورسٹی ہو گا۔ میانوالی اور بھکر میں سرگودہا یونیورسٹی کے کیمپس کو اپ گریڈ کرکے الگ یونیورسٹیز کے چارٹرز دیئے جائینگے۔ سرگودہا یونیورسٹی 16فروری کو نئی دو یونیورسٹیز کیلئے قرارداد پاس کریگی۔ میانوالی کیمپس میں اس وقت 3ہزار جبکہ بھکر کیمپس میں 5ہزار طالب علم پڑھ رہے ہیں۔ جہلم میں پنجاب یونیورسٹی کمیپس کو اپ گریڈ کرکے الگ یونیورسٹی بنائی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق گورنر انیکسی اور پنجاب ہائوس راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سمری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے حکومت کو بھجوا دی ہے۔ ابتدائی طور پر ادارہ یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی لاہور کے ساتھ الحاق شدہ ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ میں کلاسز ستمبر میں شروع کرانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مری میں یونیورسٹی کیلئے پنجاب ہائوس میں دو سکول بنیں گے جن میں ایک سکول آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلیٹی ہوگا۔ سکول آف منیجمنٹ سٹڈیز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈگری کالج فار گرلز مری میں ہو گا جہاں سے انٹر کلاسز گورنمنٹ ہائی سکول فار گرلز مری میں منتقل کرکے اسے اپ گریڈ کیا جائیگا۔ اسی طرح سکول آف ہیومینٹیز اینڈ پیور سائنسز ڈگری کالج فار بوائز مری میں بنے گا۔ ذرائع کے مطابق مری یونیورسٹی کیلئے قانون سازی ہو گی جس کیلئے آرڈیننس کے اجراء کا امکان ہے۔ نارتھ پنجاب یونیورسٹی چکوال کیلئے یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکسلا کا سب کیمپس، بارانی زرعی یونیورسٹی کی عمارت، پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال میں انجینئرنگ، سکول آف ایگریکلچرل اور ہیومینٹیز کے سکول قائم ہونگے۔
تازہ ترین