• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ، تھریسامے ایم پیز سے ڈیل میں تبدیلی کیلئے مزید وقت مانگیں گی

لندن (نیوز ڈیسک) وزیراعظم تھریسا مے بریگزٹ ڈیل کے متنازع حصے ’’ ناردرن آئرش بیک سٹاپ‘‘ میں تبدیلی کیلئے ارکان پارلیمنٹ سے مزید وقت دینے کی درخواست کریں گی۔ مسز مے ای یو کو آخری وقت میں تبدیلیوں کیلئے قائل کرنے کی کوششوں کے بعد اس ہفتہ ایم پیز کو رپورٹ دیں گی۔ بی بی سی کے مطابق وزیر اعظم پارلیمنٹ سے یہ وعدہ کریں گی کہ اگر فروری کے اختتام تک ڈیل کی تیاری نہیں کی جا سکی تو وہ دوسرے بریگزٹ آپشنز پر ایک اور ووٹ کا موقع دیں گی۔ لیبر چاہتے ہیں کہ وزیراعظم اپنے الفاظ پر قائم رہیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ ووٹ کا موقع دیا جائے۔ شیڈو وزیر بریگزٹ سر کیئر سٹارمر یہ کہہ چکے ہیں کہ لیبر نے ایک ترمیم کا مسودہ تیار کر لیا ہے جو اس ہفتہ منظور ہونے کی صورت میں اس ماہ کے اختتام تک ایک اور ووٹ کی ضمانت مل سکے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم پر الزام عائد کیا کہ وہ محض وقت گزارنا چاہتی ہیں تاکہ پارلیمنٹ کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچے کہ ان کی بریگزٹ ڈیل اور نو ڈیل کے درمیان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکیں۔ واضح رہے کہ بریگزٹ میں 50 دن سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ قانون پہلے ہی تیار ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ برطانیہ 29مارچ2019 کو ای یو چھوڑ دے گا۔ مسز مے کی بریگزٹ ڈیل جس کی تیاری کیلئے مہینوں تک مذاکرات کئے گئے اور ای یو اس پر آمادہ ہو گئی تھی جس میں برطانیہ کی ای یو سے علیحدگی اور مستقبل میں تعلقات کا احاطہ کیا گیا تھا، مگر اسے برطانوی پارلیمنٹ نے مسترد کر دیا۔ اگر 29 مارچ کو بریگزٹ ڈے تک اسے منظور نہیں کیا گیا تو پہلے سےطے شدہ صورت حال یہ ہے کہ برطانیہ کی کسی ڈیل کے بغیر ای یو سےعلیحدگی ہو جائے گی۔

تازہ ترین