• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکساس: پٹرولیم کا ٹاپ ایوارڈ پاکستانی نژاد امریکی جاوید انورکے نام

ریاست ٹیکساس میں پٹرولیم کی سب سے بڑی تنظیم پرمین بیسن پٹرولیم ایسوسی ایشن کی جانب سے2018ء کا ٹاپ ہیڈ ایوارڈ پاکستانی نژاد امریکی آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور کو دیا گیا۔

اس سلسلے میں ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ اباٹ نے مڈلینڈ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران انھیں یہ ایوارڈ دیا،تقریب میں ٹیکساس کے نائب گورنر ڈان پیٹرک، ریل روڈ، کمشنر چیئرمین کرسٹی کرٹیک، اسپیکر ٹام کریڈک،سینیٹر گیل سلیگر اسٹیٹ ریپرزینٹیٹو بروکس لینڈ گراف، سمیت سول واعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

پٹرولیم کلب مڈلینڈ میں منعقدہ اس تقریب میں سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش، سینیٹر جان کارنی اور سینیٹر ٹیڈ کروز نے اپنے ویڈیو پیغام میں سید جاوید انور کی کمیونٹی کیلئے خدمات پر ان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کے پیغامات حاضرین کو دکھائے گئے۔

مذکورہ شخصیات اپنی مصروفیات کے باعث اس تقریب میں شریک نہیں ہوسکی تھیں، تاہم انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سید جاوید انور مڈ لینڈ انرجی اور پیٹرو پلیکس انرجی کے سی ای او ہونے کے ساتھ ساتھ ریاست ٹیکساس کے ہائیر ایجوکیشن بورڈ کے کوآرڈینیٹر بھی ہیں،اور اس پوسٹ پر ان کی تقرری گورنر ٹیکساس گریگ اباٹ نے کی تھی اور ریاستی اسمبلی سے تقرری کی منظور ی کے بعد وہ اس عہدے پر بھی کام کررہے ہیں۔

یہ ایوارڈ ہر سال پیٹرولیم آئل اینڈ گیس کے کاروبار سے وابستہ ایسی شخصیت کو دیا جاتا ہے جوکہ قائدانہ صلاحیتوں اور اپنے شعبہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی فلاح وبہبود کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

یہ ایوارڈ حاصل کرنا آئل بزنس کی کسی بھی شخصیت کیلئے ایک بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔سید جاوید انور ریاست ٹیکساس کی مختلف یونیورسٹیوں کو سالانہ کئی ملین ڈالر کی امداد بھی فراہم کرتے ہیں، جبکہ وہ پاکستان میں بھی تعلیم سے وابستہ فلاحی منصوبوں کی سرپرستی کرتے ہیں، اور کئی مقامی پاکستانی کمیونٹی تنظیموں کو بھی مالی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

تازہ ترین