اسلام آباد( نامہ نگار) صنعتوں کو گیس کی عدم فراہمی کے باوجود راولپنڈی میں گیس قلت اور انتہائی کم پریشر کا مسئلہ شدت اختیارکرگیا ہے اوررہی سہی کسر غیر قانونی گیس کمپریسرز نے نکال دی ہے جس کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ۔ دوسری طرف پہلے سے کئی گنا زیادہ بلوں نےمہنگائی میں پسی عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔ راولپنڈی کے علاقوں میڈیا ٹائون، گلستان کالونی، جہانگیر روڈ، ویسٹریج بازار،ویلی روڈ، شکریال ،ٹاہلی موہری ،ڈھوک سیداں ،کالج روڈ، وارث خان ،راجا بازار ،بنی ،لالہ رخ کالونی چکری روڈ ،نیازی محلہ بہار کالونی ،لکھن ،صادق آباد ،اشرف کالونی ،دھمیال ،ٹینچ بھاٹہ ،خیابان میراں بخش آبادی نمبر 2،3، ظہور کار پارکنگ سے ملحقہ گلیوں اسلم مارکیٹ اور متعدد دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں خطرناک حد تک کمی کے باعث گھریلوصارفین مکمل طورپر گیس سے محروم ہو گئے ہیں ۔ ٹیپو روڈ ،اشرف کالونی ،صادق آباداور دیگر علاقوں کے مکینوں نے کہا کہ صارفین کو گیس کی مسلسل فراہمی کے اوگرا قوانین کی خلاف ورزی پر حکومت نوٹس لے۔ ادھرسوئی نادرن گیس پا ئپ لائن راولپنڈی نے پولیس فانڈیشن اور پی ڈبلیو ڈی ہاوسنگ سکیموں سمیت دیگر جگہو ں پر غیر قانونی گھریلو گیس کمپریسرز ہٹانے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ ادھر وزارت پٹرولیم کے حکام نے بتایا ہے کہ صارفین کو گیس کی بہتر فراہمی کے لیے صنعتوں کو گیس فراہمی بند کردی گئی ہے۔ ایس این جی پی ایل حکام کے مطابق پی ایس او کارگوکے لنگر انداز نہ ہونے کے سبب ٹی1 اینگرو ٹرمینل سے آر ایل این جی ری گیسیفکیشن کم ہوکر 220 ایم ایم سی ایف ڈی رہ گئی ہے۔