دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا بھر کے ممالک کے مسائل حل کرنےاور آئندہ نسلوں کو عالمی جنگ کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے 24اکتوبر 1945ء کو اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آیا۔ اُس وقت سے لے کر اب تک یہ ادارہ، عالمی امن وسلامتی اور دنیا بھر کے ممالک کے مسائل اور سیاسی بحرانوں کا حل تلاش کرنے، انسانی حقوق اور تعلیم و صحت کے مسائل پرتوجہ دینے اورموسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کے لیے اپنے تئیں کوشاں ہے۔ آج موضوع تحریر اس ادارے کا قیام یاکردار نہیں بلکہ شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی دنیا بھر کی ان تمام خواتین کا تعارف ہے، جو نہ صرف فلم یا ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر منواچکی ہیں بلکہ اپنی انسان دوست شخصیت،ہمدرد اور رحم دل طبیعت کے سبب اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں میں بطور سفیر کام کررہی ہیں۔ شوبز انڈسٹری سے وابستہ یہ خواتین اس ادارے کے جذبہ خیر سگالی کو پروان چڑھانے اوراس کی ساکھ بہتر بنانے میں مصروف عمل ہیں۔
ماہرہ خان
ماہرہ خان، دورِ حاضر میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ ہیں۔ ماہرہ اپنی صلاحیتوں اور منفرد اداکاری کے سبب بالی ووڈ فلم رئیس میں شاہ رخ خان کے ہمراہ بھی کا م کرچکی ہیں۔ ماہرہ ایک طرف جہاں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں مسلسل نام کمارہی ہیں، وہیں انھیں گزشتہ برس مسلسل چوتھی بارپرکشش خواتین کی فہرست میں رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ اس اعزاز کے ساتھ گزشتہ برس ماہرہ خان کے معاشرتی مقام میں بھی مزید اضافہ دیکھنے میں آیا، جب انھیں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی رضاکارانہ سفیرکے طور پر نامزد کیا گیا۔ ماہرہ مہاجرین کو حقوق دلانے کے لیے پرعزم ہیں اور ان کے لیے آواز بلند کررہی ہیں۔
پریانکا چوپڑا
پریانکا چوپڑا کا شمار بالی ووڈ کے ان فنکاروں میں ہوتا ہے، جو بالی ووڈ میں بے پناہ کامیابی سمیٹنے کے بعد ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کےجوہر منوانے میں کامیاب ہوئے۔ان دنوں پریانکا امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی کی خوشیوں سے لطف اندوز ہونے میں مصروف ہیں۔ فلموں کی مقبول اداکارہ پریانکا چوپڑا کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ نہ صرف ایک بہترین اداکارہ ہے بلکہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی سفیر بھی ہے۔ پریانکاکو یہ اعزاز2016ء میں اقوام متحدہ کی 70ویں سالگرہ کی تقریب میں ڈیوڈ بیکھم، لانڈو بلوم، جیکی چین اور ملی بابی براؤن جیسے بین الاقوامی ستاروں کی موجودگی میں حاصل ہوا اور وہ سفیر کی حیثیت سے بھی دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
انجلینا جولی
بطور شوبز پرسنالٹی، انجلینا جولی کو دنیا بھر میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہے۔ تاہم یہ مقبولیت 2001ء میں اس وقت مزید دگنی ہوگئی جب انھیں اقوام متحدہ کے ادارہ برائےپناہ گزین ( یو این ایچ سی آر)کے لیے خیر سگالی سفیر نامزد کیا گیا۔ اس میں طے پایا کہ اگلی دہائی کے دوران، انجلینا بطور اقوام متحدہ سفیر40فیلڈ مشن اور کم ازکم 30ملکوں اور شورش زدہ علاقوں میں موجود بے گھر افراد اور مہاجرین سے ملاقات کریں گی۔2012ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے انجلینا جولی کو انسانیت کے لیے بہترین خدمات انجام دینے پر اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے پناہ گزین کے لیے خصوصی ایلچی تعینات کرنے کا ایک منفرد اعزاز دیا گیا۔
نکول کڈمین
شوبز پرسنالٹی نکول کڈمین کو مشہورو معروف اداکارہ اورفیشن ماڈل کے طور پر دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔2006ء میں اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکارہ کو اقوام متحدہ نے اپنے ادارہ برائے خواتین ( یو این وومین ) کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر کیا۔ جب سے لے کر اب تک نکول کڈمین جہاں ایک طرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھاتی نظر آتی ہیں، وہیں خواتین کو بااختیار بنانے ،جنگ زدہ علاقوں میں جنسی زیادتی اور تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کےشدید نفسیاتی مسائل حل کرنے اور خواتین کے حقوق کی جنگ لڑنے میں بھی خاصی مصروف ہیں۔