لاہور(نمائندہ خصو صی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر خالد رانجھا سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام نیب اور دیگر آئینی اداروں کی خودمختاری اور اختیارات کے تحفظ کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت کا نیب سے بچنے کیلئے غیرآئینی ادارہ بنانا بدنیتی ہے، بطور ادارہ نیب کی خودمختاری برقرار رہنی چاہئے، نئے ادارہ کی مخالفت کرینگے،اجلاس میں سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی، سینئر قانون دان ایس ایم ظفر، چودھری ظہیرالدین، عالمگیر ایڈووکیٹ، جہانگیر اے جھوجہ، محمد امجد پرویز ایڈووکیٹ اور ارشد جھوجہ بھی موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ن لیگی حکومت اپنے آپ کو بچانے کیلئے نیب کے اوپر غیرآئینی طریقے سے ایک اور ادارہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے جو کہ حکومتی بدنیتی ہے جس کی ہم مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ادارہ نیب کی خودمختاری برقرار رہنی چاہئے۔ پاکستان مسلم لیگ ادارے کی خودمختاری اور بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی تجاویز دے رہی ہے جس سے ادارے کی اہمیت میں اضافہ ہو گا، انسانی حقوق کی پاسداری بھی ہو گی اور ادارے میں موجود سقم دور کرنے میں مدد ملے گی۔