خیرپور میں کارو کاری کے الزام میں قتل کی گئی 15 سالہ رمشا وسان کو پسند کرنے والے لڑکے اظہار وسان کو جرگے نے قتل کرنے کا حکم جاری کردیا۔
بیس سالہ نوجوان اظہار وسان کے والد نے الزام لگایا ہے کہ گاؤں بھاول وسان میں بااثر افراد نے جرگہ کیا ہے، جس میں اس کے بیٹے کو قتل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
جرگے نے اظہار وسان کے زندہ پکڑنے یا قتل کرنے والے کے لیے ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا ہے۔
اظہار کے والد نے الزام لگایا ہے کہ جرگے کے بعد مسلح افراد اُن کے گھر پر حملہ کرکے اناج اور مویشی لے گئے ہیں، نوجوان کے والد نے چیف جسٹس اور آئی جی سندھ سے تحفظ کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل پندرہ سالہ لڑکی رمشا وسان کو کارو کاری کے الزام میں قتل کردیا گیا تھا، رمشا کے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ذوالفقار وسان سمیت 5 افراد کے خلاف درج ہے جبکہ ذوالفقار وسان سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔