• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ پاکستان 2030ء میں معیشت کے اعتبار سے بڑا ملک ہوگا۔

روانگی سےقبل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں سعودی ولی عہد نے کہا کہ2030ء میں چین دنیا کی سب سے بڑی،پاکستان دوسری اور بھارت تیسری بڑی معیشت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنا گھر سمجھتا ہوں،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں یہ ملک صحیح مقام پر پہنچے گا۔

محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے مستقبل اور صلاحیت پر پورا یقین ہے،یہ ملک دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے قابلیت رکھتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ پاکستانی بھائی معاشی ترقی کے سفر میں ساتھ چلنا چاہتے ہیں،اس لئے اپنا سرمایہ اور کوششیں لگا رہے ہیں۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان،سعودی عرب میں جو بھی سمجھوتے ہوئے ہیں یہ صرف شروعات ہے،جیو اسٹریٹجیک اعتبار سے پاکستان اہم ترین ملک ہے،جسے یقینی طور پر اپنے ہمسایوں سے فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نےسعودی عرب میں قید 21 سو پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اعلان پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محمد بن سلمان اس اعلان کے بعد پاکستان میں اتنے مقبول ہوگئے ہیں کہ الیکشن ہوں تو مجھ سے بھی زیادہ ووٹ لیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی رشتے محدود روایتی تعلقات سے کہیں آگے بڑھ گئے ہیں،جن کا اظہار سمجھوتوں سے بھی ہو رہا ہے.

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ آپ کے دورے میں سائن ہونے والے ایم او یوز ہمارے تعلقات کے بڑھنے کے عکاس ہیں۔

اس سے قبل ایوان صدر میں وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے غیر رسمی گفتگو کی،اس دوران عمران خان نے محمد بن سلمان سے سوشل میڈیا پر قیدیوں کی رہائی سے متعلق خبر کے وائرل ہونے کا ذکر بھی کیا۔

عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا وہ میڈیا نہیں جہاں سے خبریں اگلے دن آتی ہیں بلکہ یہاں پر خبر آدھے گھنٹے میں پھیل جاتی ہے۔

تازہ ترین