• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے نامی اکائونٹس کیس، ایف آئی آر یہاں ہے تو کیس پنڈی میں کیوں؟ بلاول

کراچی (نیوزڈیسک، مانیٹرنگ سیل)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےبے نامی اکاؤنٹس کیس کے حوالے سے کہا ہےکہ اگر مبینہ جرم سندھ میں ہوا، ایف آئی آر، مبینہ ثبوت، بینکنگ کورٹ، جے آئی ٹی اور حکومتی نمائندے سندھ میں ہیں تو کیس پنڈی میں کیوں چلایا جائیگا؟ اگر کشمیریوں کو انکا حق ملتا تو پلوامہ جیسے دہشت گردی کے واقعات پیش نہ آتے۔ جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ سیکورٹی کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے بطور ینگ گلوبل لیڈر شرکت کی جسکے بعدجیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزاما ت جذباتی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان ایک واضح مؤقف رکھتا ہے، دہشت گردی کی نہ تو حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی دہشت گردی چاہتے ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور کہا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسیع تر بنیادوں پر طے کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایک ملک کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں رکھ سکتا بلکہ سب کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات رکھنے چاہیں۔

تازہ ترین