• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں قائم پرتگالی سفارت خانہ تاحال نہیں کھل سکا

لزبن (سرفراز فرانسس) پاکستان میں قائم پرتگالی سفارت خانہ تاحال کھل نہیں سکا۔ پرتگال اور پاکستان میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہے گزشتہ تقریباً ایک سال سے پرتگالی سفارت خانہ اسلام آباد تکنیکی مسائل کی وجہ سے عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔ سفارت خانہ بند ہونے کی وجہ سے پاکستان میں لوگوں کو سیرو سیاحت اور اسٹڈی کے ویزا کی درخواست جمع کروانے میں دقت ہے جبکہ پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کو فیملی ری یونین، فیملی ویزا کے حصول، کاغذات کی تصدیق کے لئے بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یورپین قوانین کے مطابق یورپ کے کسی بھی ملک میں ریزیڈنسی کارڈ حاصل کرنے کے بعد فرسٹ فیملی ممبرز جن میں ماں، باپ، شوہر، بیوی اور بچے شامل ہوتے ہیں انہیں فوراً بلواسکتے ہیں، جبکہ پرتگال میں بسنے والے کئی پاکستانی متعلقہ منسٹری سے فیملی ری یونین کا اجازت نامہ جاری ہونے کے باوجود پاکستان میں ایمبیسی بند ہونے کی وجہ سے اپنوں سے دور ہیں جوکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں قائم مقام سفیر سرفراز احمد گوہر نے منسٹری فارن افیئرز پرتگال کو پاکستانیوں کی تمام مشکلات سے آگاہ کیا ہے، جبکہ نتیجے میں پرتگالی حکام نے اپنا ٹیکنیکل نمائندہ پاکستان بجھو دیا ہے اور جلد ہی پرتگالی سفارت خانہ بحال ہوکر کام شروع کردے گا۔
تازہ ترین