• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’گرفتاری سے پہلے اطلاع دی نہ ہی نیب دفتر بلایا‘

اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی نے کہا ہے کہ میں اسلام آباد ایک دعوت پر آیا تھا کہ مجھے گرفتار کرلیا گیا۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں آغا سراج درانی نے کہا کہ گرفتاری کےبارے میں نہ ہی پہلے اطلاع نہیں دی گئی نہ ہی نیب دفتر بلایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ایک دعوت پرآیا تھا، گرفتارکرلیا گیا، سب کو پتا ہے کہ کیا ہو رہا ہے، عدالت میں اپنا کیس لڑوں گا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ نیب کی طرف سے ایک پرفارما بھیجا گیا تھا، جسے میں نے پر کرکے واپس بھیج دیا تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آغا سراج درانی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا اور انہیں 3 دن میں کراچی کی متعلقہ عدالت پیش کرنے اور آج ہی طبی معائنہ کرانے کا حکم دے دیا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا تھا،ان پر سرکاری فنڈز میں خردبرد اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سیکیورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سے آغا سراج درانی اور اہل خانہ کی کمپنیوں کا ریکارڈ لے لیا ہے ۔

نیب ذرائع کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی نیب کو اپنی جائیداد کے ذرائع آمدن سے متعلق مطمئن نہیں کرسکے،ان کی کراچی، حیدرآباد، شکار پور اور سکھر میں جائیدادیں ہیں،جو ان کے اور گھر کے دیگر 11 افراد کے نام پر ہیں۔

تازہ ترین