• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم پی جوآن ریان نےلیبر پارٹی چھوڑ کر آزاد گروپ میں شمولیت اختیار کرلی

لندن ( نیوز ڈیسک ) جوآن ریان گزشتہ 48 گھنٹوں میں لیبر سے علیحدگی اختیار کرنے والی آٹھویں رکن پارلیمنٹ بن گئیں، ان کا کہنا تھا کہ پا رٹی میں ’’ یہودی مخالف نسل پرستی کے کلچر‘‘ کو برداشت کیا جا رہا ہے۔ اینفیلڈ نارتھ کی نمائندگی کرنے والی ایم پی نے کہا کہ وہ یہود دشمنی کے خاتمے میں ناکامی سے خوفزدہ ، حیران اور غصہ میں ہیں. انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی قیادت نے یہودیوں سے کھل کر زیادتی کی اجازت دے رکھی ہے ۔ محترمہ ریان نے کہا کہ انہیں یقین نہیں کہ جریمی کوربن اس ملک کی قیادت کرنے کیلئے اہل ہیں۔ واضح رہے کہ مزید 7 ارکان پارلیمنٹ لیبر چھوڑ کر پارلیمنٹ میں ایک آزاد گروپ میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں ۔ یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ بڑی تعداد میں کنزرویٹیو ارکان پارلیمنٹ بریگزٹ پر حکومت کی پالیسی سے اختلافات کے باعث اس گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ بی بی سی نیوز نائٹ کے پولیٹیکل ایڈیٹر نک واٹ نے کہا ہے کہ کنزرویٹیو وہپس یہ رپورٹ کر رہے ہیں کہ تین ارکان پارلیمنٹ سارہ وولسٹن ، ہیڈی ایلن اور اناسوبری نے انتہائی خاموشی کے ساتھ پارٹی چھوڑ دی ہے۔ ایسے وقت جبکہ آزاد گروپ نئے آنے والوں کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں کر رہا ، بی بی سی کا کہنا ہے کہ ایک رکن نے بتایا ہے کہ آنے والا دن انتہائی اہم اور مصروف ہوگا۔
تازہ ترین