• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کونسلز کی جانب سےنوجوان اسائلم سیکرز کیلئے نگہداشت کے اخراجات پر انتباہ

لندن ( نیوز ڈیسک ) لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن (ایل جی اے) نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں چائلڈ اسائلم سیکرز کی تعداد میں اضافہ کے نتیجے میں کونسلوں کی جانب سے ان کی نگہداشت کے اخراجات گزشتہ چار برسوں میں دگنے ہو گئے ہیں۔ اس نے کہا کہ پناہ کے خواہشمند ان نوجوانوں کو رہائش کی فراہمی اور دیکھ بھال کے سالانہ اخراجات اب 152ملین پونڈز ہوگئے ہیں۔ ایل جی اے کا کہنا ہے کہ کونسلیں پہلے ہی مالی دبائو کا سامنا کر رہی ہیں، مرکزی حکومت کی جانب سے مزید سپورٹ کی ضرورت ہے۔ ہوم آفس نے کہا ہے کہ فنڈنگ کے انتظامات زیر غور ہیں۔ واضح رہے کہ لوکل اتھارٹیز قانونی طور پر رشتہ داروں کے بغیر پناہ کے خواہش مند بچوں کی دیکھ بھال کی پابند ہیں۔تاہم ایل جی اے نے کہا ہے کہ اسے پہلے ہی 2025تک چلڈرن سروسز کی مدمیں 3.1بلین پونڈز کے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور وہ نوجوان اسائلم سیکرز کیلئے رہائش کے اضافی اخراجات اور سپورٹ موجودہ فنڈز سے پورے نہیں کر سکتی۔ 2014/15میں وہ تقریباً2800نوجوان اسائلم سیکرز پر تقریباً 78ملین پونڈز خرچ کر رہے تھے۔ تاہم 2017/18 میں نوجوان اسائلم سیکرز کی تعداد بڑھ کر تقریباً 4500 تک جاپہنچی جس کے باعث اخراجات 95 فیصد اضافے سے 152 ملین پونڈز ہو گئے۔ لوکل اتھارٹیز کو مرکزی حکومت کی جانب سے کچھ سپورٹ ملتی ہے مگر ان کا کہنا ہے کہ یہ ناکافی ہے۔
تازہ ترین