میہڑ+خیرپور ناتھن شاہ( نامہ نگاران ) دادو میں دو محکموں پاپولیشن ویلفیئر اور ایجوکیشن ورکس میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سلسلے میں اینٹی کرپشن پولیس دادو نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ گذشتہ روز اینٹی کرپشن پولیس دادو نے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے دفتر پر مجسٹریٹ کی موجودگی میں چھاپا مارا اور 8 سال کا ریکارڈ تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اینٹی کرپشن پولیس دادو کے سرکل آفیسر غلام سرور سولنگی نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ خراب چار گاڑیوں کو چلتی ہوئی ظاہر کرکے ہر ماہ لاکھوں روپے کا پیٹرول کا خرچ کیا گیاہے۔ جی پی فنڈز اور ڈ فرنس بلز کے ذریعے جھوٹے بلز بناکر سرکاری خزانے میں خورد برد کی گئی ہے اس کے علاوہ افسران نے فرضی ناموں پر خواتین اور مردوں کو نوکریاں دے کر بجٹ کو خورد برد کیا ہے ۔اس رپورٹ کو ڈائریکٹر کو ارسال کیا جائے گا جس کے بعد مزید کارروائی ہوگی۔ادہر اینٹی کرپشن پولیس دادو نے ایجوکیشن ورکس دادو کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا اور 8 برس کا ریکارڈ تحویل میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے۔ چھاپے کے دوران دونوں محکموں پاپولیشن ویلفیئر اور ایجوکیشن ورکس کے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی اور ملازمین غائب ہوگئے۔